فلم اداکارہ ریا سین پر شیوسینا برہم

ممبئی۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ ریا سین کے ٹوئٹر پر جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں ممبئی کا ہونے پر ’’شرم‘‘ آتی ہے، شیوسینا نے آج کہا کہ اس شہر کا احترام تمام عوام کرتے ہیں کیونکہ یہ ہر ایک کو پناہ دیتا ہے۔ ریا سین کے جوہو اپارٹمنٹ میں اتوار کے دن آگ بھڑک اُٹھی تھی جس پر اس نے آتش فرو عملے کو ٹیلیفون کیا تھا، لیکن آتش فرو عملہ کافی دیر سے پہنچا تھا، اس پر برہم ریا سین نے مائیکرو بلاگنگ سائیٹ ٹوئٹر پر تحریر کیا تھا کہ ہماری عمارت میں آگ لگ گئی تھی جو فلیٹس راکھ کا ڈھیر ہوگئے لیکن آتش فرو عملہ آنے کیلئے ایک گھنٹہ لگ گیا۔ یہ اس ملک کیلئے شرمناک ہے۔ پارٹی کے ترجمان ’’سامنا‘‘ نے آج شیوسینا نے اداریہ میں کہا کہ ریاسین اور ان کی والدہ من من سین بیشتر وقت ممبئی میں گزارتی ہیں، اس کے باوجود وہ مغربی بنگال کے لوک سبھا حلقہ بانکپورہ سے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ سینا نے کہا کہ اداکارہ کوئی خصوصی شخصیت نہیں ہیں اور روزگار کیلئے ممبئی منتقل ہوئی ہیں۔ انہیں ممبئی کو بدنام نہیں کرنا چاہئے۔ انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہونے پر وہ شہر ممبئی پر اپنا غصہ اُتار رہی ہیں، لیکن وہ جاننا نہیں چاہتیں کہ آتش فرو عملہ کی آمد میں تاخیر کیوں ہوئی۔