ممبئی ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): گورنر مہاراشٹرا مسٹر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے آج سابق سپریم کورٹ جج مارکنڈے کاٹجو کی اس گذارش کو مسترد کردیا کہ ممبئی بم دھماکوں کیس میں فلمی اداکار سنجے دت کو عام معافی دیتے ہوئے ان کی مابقی سزائے قید کالعدم قرار دی جائے ۔ عام معافی کی درخواست نامنظور کرتے ہوئے گورنر نے ریاستی محکمہ داخلہ کے مشورہ پر عمل کیا ہے ۔ جس نے گورنر سے یہ سفارش کی ہے کہ سنجے دت کی معافی کی درخواست مسترد کردی جائے کیوں کہ انہیں سپریم کورٹ نے سزا دی ہے اور انہیں معافی دینے سے ایک غلط نظیر قائم ہوجائے گی ۔ جسٹس کاٹجو نے اپنی عرضی میں یہ استدلال پیش کیا تھا کہ سنجے دت کوئی دہشت گرد نہیں بلکہ نادانی میں ایک غلطی کی ہے ۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے سال 2013 میں ممبئی کے سلسلہ وار بم دھماکے کیس ( 1993 ) میں سنجے دت کو 5 سال کی سزائے قید سنائی تھی اور کہا تھا کہ چونکہ فلمی اداکار نے کیس کی سماعت کے دوران 18 ماہ جیل میں گذار دئیے ہیں اور اب انہیں باقیماندہ سزاء قید کاٹنی پڑے گا ۔ انہوں نے مئی 2013 کے بعد سے تقریبا 30 ماہ جیل میں گذار دئیے ہیں ۔ اور اب فروری 2016 میں قید و بند کی زندگی سے آزاد ہوجائیں گے ۔۔