فلمی اداکارہ اور سابق ایم ایل اے کی بی جے پی میں شمولیت

ممبئی۔ 23 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق کانگریس ایم ایل اے کرشنا ہیگڈے اور فلمی اداکار دلیپ تاہل نے بامبے میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ جنوبی ممبئی میں واقع چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ پر کل شام یہ دونوں چیف منسٹر دیویندر فڈنویس ، ریاستی صدر بی جے پی راؤ صاحب دانوے کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوگئے۔ کانگریس چھوڑنے کی وجہ دریافت کرنے پر کرشنا  ہیگڈے نے کہا کہ ممبئی کانگریس کے صدر سنجے نروپم کے آمرانہ رویہ سے وہ بدظن ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی قیادت کو مطلع کردیا تھا کہ کس طرح سنجے نروپم پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں لیکن ان کی شکایت کو نظرانداز کردیا گیا۔ ہیگڈے جو کہ ویلے پارلے اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کرتے تھے، بتایا کہ وہ دوسری نسل کے کانگریسی ہیں۔ جبکہ نروپم نے پارٹی کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 227 رکنی بی ایم سی میں کانگریس کو 25 سے زائد نشستیں حاصل نہیں ہوں گی۔