فلموں میں کام نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور ؍ کراچی ۔ 27 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے کمرشیل فلموں کو ترک کرنے کا آج اعلان کیا اور کہا کہ وہ صرف مذہبی اور سماجی پیغامات پر مبنی پراجکٹس کیلئے کام کریں گی کیونکہ ایک عالم دین نے ان کی زندگی کو یکسر تبدیل کردیا ہے ۔ 29 سالہ ادکارہ وینا ملک جس نے ایک ہندوستانی میگزین کو اپنی نیم برہنہ تصویر دیتے ہوئے ایک طوفان برپا کردیا تھا کہا ہے کہ ’’میں فلمی صنعت چھوڑ چکی ہوں ۔ میں ہندوستانی و پاکستانی فلموں کیلئے کام نہیں کروں گی ‘‘ ۔ وینا ملک جو دبئی میں مقیم پاکستانی شوہر اسد بشیر خاں خٹک اور ان کے خاندان کے ساتھ عمرہ ادا کرنے کیلئے سعودی عرب پہونچی ہیں کہا کہ وہ ہندوستانی فلم پروڈیوسرس سے بھی ان فلموں میں کام کرنے سے انکار کردیں گی جن سے پہلے وہ اتفاق کرچکی تھی ‘‘ ۔وینا ملک نے کہا کہ عالم دین مولانا طارق جمیل نے ان کی زندگی کو یکسر بدل دیا ہے ۔ ’’مولانا نے مجھ سے وعدہ لیا ہے کہ میں اپنا دوپٹہ سر سے نہیں ہٹاؤنگی اور زندگی بھر میں اپنے اس وعدہ کی پابند رہونگی ‘‘۔