فلمساز محمود فاروقی کیخلاف عصمت ریزی کا الزام وضع 9 ستمبر سے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت

نئی دہلی۔ 2 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دہلی کی عدالت نے آج فلم ’’پیپلی لائیو‘‘کے معاون ہدایت کار محمود فاروقی کے خلاف ایک امریکی ریسرچر کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعہ میں الزامات وضع کئے ہیں اور کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت شروع کرنے کیلئے 9 ستمبر تاریخ مقرر کی ہے، تاہم عدالت نے فاروقی کی درخواست ضمانت کو معرض التواء میں رکھا ہے جس پر شکایت کنندہ کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا اور اس خصوص میں انہیں 14 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج سنجے جین نے کہا کہ 28 مارچ کو ملزم کی قیام گاہ سکھدیو وہار میں تم (فاروقی) نے امریکی خاتون کی عصمت ریزی کی ہے اور قانون تعزیرات ہند کے تحت تمہارے خلاف الزامات وضع کئے جاتے ہیں اور درخواست ضمانت کو فی الحال التواء میں رکھا جاتا ہے۔ جج نے ڈائریکٹر فارنسک لیاب کو ہدایت دی کہ اس کیس کی تجزیاتی رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے کیونکہ شکایت کنندہ خاتون کی ویزا کی مدت 5 اکتوبر کو ختم ہونے والی ہے۔ اگرچیکہ فاروقی کے وکیل نیتا رام کرشن نے اس بنیاد پر درخواست ضمانت پیش کی ہے کہ ملزم ایک پابند قانون شہری ہے اور کیس کی تحقیقات میں ممکنہ تعاون کررہا ہے لیکن متاثرہ خاتون نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک گھناؤنا جرم ہے۔ فلم ساز محمود فاروقی 20 جون سے عدالتی تحویل میں ہے جن پر ایک 35 سالہ خاتون کی اپنے مکان پر مدعو کرکے حالت نشہ میں عصمت ریزی کا الزام ہے۔