فلسطین پر ہندوستان کا موقف کسی تیسرے فریق کے تابع نہیں ۔  وزارت خارجہ

نئی دہلی 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے امریکی اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستان نے آج کہاکہ فلسطین پر اس کا موقف آزادانہ ، مستحکم ہے اور کسی تیسرے فریق کے تابع نہیں ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہاکہ فلسطین اور ہندوستان کا موقف اس کے اپنے نظریات اور مفادات کے مطابق ہے۔ کسی تیسرے ملک کے تابع نہیں ہے۔ ہم اپنے مفادات اور خیالات کی پیروی کرتے ہیں۔ انھوں نے یروشلم کے بارے میں ٹرمپ کے فیصلہ پر ہندوستان کے موقف کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ ہندوستان اپنے موقف پر قائم ہے۔

آدھار کو مربوط کرنے کی مہلت میں توسیع پر مرکز کا غور
نئی دہلی 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ سرکاری بہبودی اسکیمات اور مختلف خدمات سے استفادہ کیلئے آدھار کو مربوط کرنے کے لزوم کیلئے دی گئی آخری مہلت میں آئندہ سال 31 مارچ تک توسیع دینے کے لئے تیار ہے۔ سپریم کورٹ اب ایک پانچ رکنی دستوری بنچ تشکیل دے رہا ہے جو آئندہ ہفتہ سے کام کرے گا جس میں آدھار کو مربوط کرنے مرکز کے لزوم پر عبوری حکم التواء دینے سے متعلق داخل کردہ کئی درخواستوں کی سماعت ہوگی۔ بنچ کی قیادت چیف جسٹس دیپک مشرا کررہے ہیں۔ اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے بتایا کہ مرکز اب آئندہ سال 31 مارچ تک آدھار کو مربوط کرنے کی مہلت میں توسیع دینے کا خواہاں ہے۔ البتہ موبائیل سرویس سے استفادہ کرنے کیلئے آدھار کے لزوم کی آخری تاریخ آئندہ سال 6 فروری ہی رہے گا۔