فلسطین پر مسلم ممالک کو آسٹریلیا کا دوبارہ تیقن

کینبرا 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی وزارت خارجہ نے عرب اور اسلامی ممالک کے سفیروں کو آج دوبارہ تیقن دیا کہ فلسطین کے بارے میں آسٹریلیا کا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔ اِس کے باوجود کہ حکومت مشرقی یروشلم کو ’’مقبوضہ‘‘ کے بجائے ’’متنازعہ‘‘ کہہ رہی ہے۔ وزیر خارجہ آسٹریلیا جولی بشپ نے 18 مسلم ممالک کے سفیروں سے کینبرا میں ملاقات کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کا موقف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے۔ آسٹریلیا ایک منصفانہ اور پائیدار دو مملکتی حل کا پابند ہے۔ اٹارنی جنرل جارج برانڈیس نے کہاکہ عالم عرب پر تجارتی تحدیدات سے خطرے پیدا ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے آسٹریلیا کی سنیٹ کی ایک کمیٹی پر بیان دیتے ہوئے کہاکہ آسٹریلیا نے مشرقی یروشلم کو ’’مقبوضہ‘‘ کہنا ترک کردیا ہے۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ یہ نہ تو مناسب تھا اور نہ کارآمد۔ اُنھوں نے جاریہ ہفتہ وزیراعظم ٹونی اباٹ کی تائید بھی کی ہے۔ وزیر خارجہ جولی بشپ سے ملاقات کرنے والے مسلم ممالک کے سفیروں میں اردن، عراق، ایران اور مصر کے سفیر شامل تھے۔ ان سب نے اس ملاقات کو تعمیری قرار دیا ہے۔