فلسطین میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے

غزہ ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سفارتخانہ کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے اعلان کے بعد فلسطین میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہیکہ فیصلے سے امریکہ کا قیام امن میں ثالث کا کردار ختم ہوگیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے ٹیلیویژن پر قوم سے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا اقدام اسرائیل کو فلسطینی سرزمین پر قبضے کو تقویت بخشے گا جبکہ ٹرمپ کا حالیہ اعلان بھی اسرائیل کو انعام دینے کے مترادف ہے۔ صدر محمود عباس نے کہا کہ امریکی صدر کا فیصلہ مقبوضہ بیت المقدس کی حقیقت کو تبدیل کرے گا اور اس معاملے پر اسرائیل کو کوئی قانونی حیثیت حاصل نہیں ہوگی۔ فلسطینی صدر نے کہا کہ ہم قومی آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔ امریکی صدر کے اعلان سے امن مذاکرات کو خطرہ اور تشدد پسند عناصر کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کا کہنا ہیکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلے سے دو ریاستی حل تباہ ہوگیا اور امریکی صدر نے امریکہ کو مستقبل میں قیام امن کیلئے ثالثی کرنے کیلئے نااہل کردیا ہے۔