انڈو عرب لیگ حیدرآباد کا /20 اپریل کو احتجاجی جلسہ
حیدرآباد ۔ /3 اپریل (راست) گولان کی پہاڑیوں اور فلسطین پر اسرائیلی حق کو امریکہ کی جانب سے جائز قرار دینے اور فلسطین و شام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف انڈو عرب لیگ کا احتجاجی جلسہ /20 اپریل کو منعقد ہوگا ۔ جس میں عرب لیگ کے کئی سفراء و اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے اور ہندوستان کے کل جماعتی قائدین بھی فلسطین سے یگانگت کا اظہار کریں گے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد 1967 ء سے ہند ۔ عالم عرب تعلقات کے استحکام میں اہم رول ادا کرتی رہی ہے ، یہ غیر مذہبی ، غیر سیاسی اور سیکولر ادارہ ہے جسے اقوام متحدہ نے مسلمہ قرار دیا ہے ۔ انڈو عرب لیگ حیدرآباد نے قومی اور بین الاقوامی سمینارس ، کانفرنسوں کے ذریعہ جہاں ہند ۔ عرب تعلقات کو استحکام بخشا وہیں فلسطینی مسئلہ سے متعلق شعور اور رائے عامہ ہموار کیا ۔ چیرمین انڈو عرب لیگ حیدرآباد جناب سید وقار الدین کو ان کی ہند ۔ عرب تعلقات کے استحکام پر خدمات کے اعتراف کے طور پر مراقش ، فلسطین کے علاوہ عرب لیگ نے اپنے باوقار ایوارڈ سے نوازا ہے ۔ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے اعلامیہ کے مطابق گولڈن جوبلی تقاریب جاریہ سال کے اواخر میں منعقد ہوںگی ۔