فلسطینی کاز کے لئے انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی خدمات کو خراج تحسین

اسرائیلی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم کی روح رواں مارین مونٹاونی کی جناب سید وقارالدین سے ملاقات
حیدرآباد۔ یکم؍نومبر۔( سیاست نیوز ) ۔فلسطینیوں کے حقوق و مفادات کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل اور اسرائیلی جبر و تسلط کے خلاف عالمی سطح پر صدائے احتجاج بلند کرنے والی تنظیم BDS کی انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر ماربن مونٹاونی نے فلسطینی کاز کے لئے اندو عرب لیگ حیدرآباد اور اس کے چیئرمین جناب سید وقار الدین کی خدمات کو پُراثر الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ مارین مونٹاونی نے جو حقوق انسانی کے علمبردار اداروں اور تحریکات کے ترجمان جرائم کا کالم نویس بھی ہیں‘ 31؍اکتوبر 2016ء کی شام جناب سید وقارالدین سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی اور بی ڈی ایس کی سرگرمیوں و خدمات سے واقف کروایا۔بی ڈی ایس‘ اسرائیلی سرمایہ کاری‘ اس کے پراڈکٹس کے بائیکاٹ کے لئے دنیا بھر میں جانی پہچانی جاتی ہے۔ ماربن مونٹاونی فلسطینی علاقہ میں اسرائیلیوں کی آبادکاری کے لئے دیوار کی تعمیر کی مخالفت کی تحریک کی بھی بین الاقوامی رابط کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی کے حق کے لئے جدوجہد کرنے والے صرف مسلمان نہیں ہیں بلکہ ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے ارض فلسطین کی بازیابی کے لئے جاری جدوجہد میں شامل ہیں۔ یوروپی یونین بھی فلسطینی کاز کی حمایت کررہا ہے۔ انہوں نے حکومت ہند کی موجودہ پالیسی کو اسرائیلی پالیسی کے مماثل قرار دیا۔ مارین جو برسوں تک رملہ میں رہ چکی ہیں اور اپنی مخالف اسرائیلی تحریکات کی پاداش میں وہاں سے نکالی گئی ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کے تحفظ اور بحالی کے لئے اسرائل کے خلاف فوجی تحدیدات عائد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں غزہ قتل عام کے بعد یوروپی یونین کی کوشش سے اسپین نے ہتھیار کی فروخت پر پابندی عائد کردی تھی اس طرح 2009-10ء میں غزہ پر جارحیت کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے برطانیہ نے آرمس ایکسپورٹ لائسنس منسوخ کردیئے تھے۔ مارین مونٹاونی نے بی ڈی ایس کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار رکیا ہے ۔مارین مونٹاونی نے جناب سید وقار الدین کی نصف صدی سے جاری جدوجہد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ہی تحریکات فلسطینی کاز کو زندہ رکھتی ہیں۔ جناب سید وقارالدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی کا ز کے لئے انڈوعرب لیگ کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی ناوقتیکہ فلسطینیوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مہاتما گاندھی اور پنڈت جی نے ہمیشہ فلسطینیوں کے حقوق اور مفادات کے لئے یگانگت کا اظہار کیا۔ انہوں نے یاسر عرفات مرحوم سے اپنے دوستانہ روابط‘ صدر فلسطینی محمود عباس سے تعلقات کا ذکر کیا اور بتایا کہ انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی دعوت پر صدر فلسطین ہندوستان کا دورہ کریںگے اور حیدرآباد اس دورہ میں شامل رہے گا۔چیرمین انڈوعرب لیگ نے مارین مونٹاونی کو گلدستہ پیش کیا۔ ڈاکٹر میر اکبر علی خان نے انڈو عرب لیگ کی خدمات سے واقف کروایا۔ اس موقع پر کیپٹن پانڈو رنگا رائو صدر جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ، عمر احمد شفیق، ڈاکٹر محی الدین حبیبی، ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز، جمیل احمد خان اور جناب خلیق الرحمن بھی موجود تھے۔تعمیر ملت کے وفد نے جناب سید وقارالدین سے ان کی صحت یابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کی سماجی، ملی اور صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔