حیدرآباد 27 جولائی (پریس نوٹ) مولانا نصیرالدین ناظم وحدت اسلامی آندھراپردیش نے کہاکہ ساری دنیا کے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور اس سال فلسطینی بھائی بہنوں نے پورا رمضان کا مہینہ بموں کی بارش میں گذارا اور عید، مسمار مکانوں اور زخمی حالت میں منارہے ہیں۔ اس حالت میں ان کو ظالم اسرائیل نے پہنچادیا ہے اور قریب کے مسلم ممالک کی مجرمانہ خاموشی نے اسرائیل کی مدد کی ہے۔ اس صورتحال میں ہم بھارت کے مسلمان غزہ کے مسلمانوں سے اظہار ہمدردی اور اسرائیل کی مذمت کرکے دینی اخوت کا ثبوت دیں۔ چنانچہ اس ضمن میں تمام عیدگاہوں کے مصلیان سے اپیل ہے کہ نماز عید کے بعد بہ آواز بلند فلسطین کی حمایت میں ’’فلسطین زندہ آباد‘‘ اور اسرائیل کی مذمت میں‘‘ اسرائیل مردہ آباد‘‘ کا نعرہ بلند کریں۔ ساتھ ہی ائمہ اور خطیب حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اپنی دعاؤں میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں۔