فلسطینی علاقوں پر یہودی بستیوں کی تعمیر کی مخالفت

اقوام متحدہ ۔ /16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادیاں بسانے کے تازہ ترین منصوبوں پر تاسف کا اظہار کیا اور اسرائیل کی نئی حکومت پر زور دیا کہ ان تعمیراتی پراجکٹوں کو منسوخ کیا جائے ۔ وزیراعظم بنجامن نتن پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کئے جانے کے بعد بان کی مون نے یہ اپیل کی ۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ مغربی کنارہ اور مشرقی یروشلم میں مسلسل تین ہفتوں کے دوران تین موقعوں پر آبادیاں بسانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے حکومت اسرائیل سے پوری شدت کے ساتھ مطالبہ کیا کہ وہ ان کے وسیع تر مفاد میں اپنی ان سرگرمیوں کو روکتے ہوئے ان فیصلوں کو منسوخ کیا جائے ۔ اقوام متحدہ نے فلسطینی اراضیات پر یہودیوں کے لئے گھروں کی تعمیر کو روکنے کا بارہا مرتبہ مطالبہ کیا اور ان اقدامات کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فلسطینی مملکت کے امکانات کو مٹانے کی کوشش قرار دیا ہے ۔ لیکن اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ مقبوضہ اراضیات پر نہیں بلکہ اسرائیلی علاقوں پر یہودی آبادیاں بسائی جارہی ہیں ۔ مشرق وسطیٰ میں اقوام متحدہ کے سفیر رابرٹ سری نے اپنی سبکدوشی سے قبل سلامتی کونسل سے مارچ میں کہا تھا کہ فلسطینی اراضیات پر تعمیر کی جانے والی یہودی بستیوں سے امن تک رسائی کی کوششوں کو ہلاک کرنے جیسے خطرہ کے مترادف ہیں ۔