فلسطینیوں کی شہادت کی تحقیقات کرائی جائے : ٹروڈو

اوٹاوہ ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کے روز فلسطینی احتجاجیوں پر اسرائیلی فوج کی اندھادھند فائرنگ میں جاں بحق ہوئے 60 فلسطینیوں کی موت کی ’’آزادانہ تحقیقات‘‘ کروانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا جارحانہ استعمال اور گولہ بارود اور ہتھیاروں کا اندھادھند استعمال ناقابل قبول ہے لہٰذا غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے اس کی ’’آزادانہ تحقیقات‘‘ کروائے جانے کی ضرورت ہے تاکہ ان حقائق کو منظرعام پر لایا جائے کہ آیا فلسطینیوں کو تشدد بھڑکانے کیلئے اکسایا گیا اور احتجاجیوں پر اندھادھند فائرنگ کا آخر کیا جواز تھا؟ پیر کے روز جو پُرتشدد احتجاج ہوا وہ دراصل اسی روز یروشلم میں نئے امریکی سفارتخانہ کے افتتاح کے خلاف منظم کیا گیا تھا۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرنے کو یہ کہہ کر منصفانہ قرار دیا کہ اسرائیل کو اپنی سرحدوں کی ہر حالت میں حفاظت کرنا ہے جسے احتجاجی پار کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی وہاں جمع ہوگئے تھے اور کچھ فلسطینیوں سے سرحد کی فصیل کے قریب پہنچ کر اسے توڑنے اور پار کرنے کی کوشش کی تھی۔