برمنگھم۔26 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ مڈ لینڈ فلسطین سالیڈیرٹی کمپین کے زیراہتمام برمنگھم کی معروف ایشیائی شاہراہ آلم راک روڈ پرزبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی جارحیت‘ ظلم و تشدد اور بربریت کے خلاف برطانیہ بھر کی طرح برمنگھم میں بھی احتجاج جاری ہے۔ آلم راک روڈ پر ایک چرچ کے باہر ویسٹ مڈلینڈ فلسطین سالیڈیرٹی کمپین کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے میں کثیر تعداد میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے کتبے پلے کارڈ اور فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ اسرائیل اور اس کے حمایتیوں اور BBC کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرے میں شریک بچے جنہوں نے مختلف کتبے اور چہروں پر فلسطینی پرچم بنا رکھے تھے توجہ کا مرکز رہے۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری جمعیت بھی موجود تھی لگ بھگ ایک گھنٹہ تک سیکڑوں مظاہرین اسرائیلی جارحیت اور اقوام عالم کی خاموشی پر احتجاج کرنے کے بعد پر امن طور پر مقامی کمیونٹی ہال میں منعقدہ پبلک میٹنگ کے لئے چلے گئے۔ دوران احتجاج کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔