فلاحی پروگراموں پر عمل آوری ، تلنگانہ کو سبقت

تمام اسکیمات کی زیادہ تشہیر پر زور ، عنایت علی باقری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : صدر نشین سٹ ون جناب عنایت علی باقری نے کہا کہ فلاحی پروگراموں کی عمل آوری میں حکومت تلنگانہ تمام ریاستوں میں سب سے آگے ہے ۔ شادی مبارک اسکیم ہو یا پھر بیرونی ملکوں میں تعلیم پانے والے غریب طلباء کو دی جانے والی امداد ، پروگرام پر پوری دیانت داری کے ساتھ عمل ہورہا ہے ۔ جناب عنایت علی باقری تلگو یونیورسٹی آڈیٹوریم میں میڈیا فوکس آن تلنگانہ ویژن کی جانب سے ڈرامہ ہمارا کسان تلنگانہ کی شان کی پیشکشی کے موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے محاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو کچھ کیا ہے اور کیا جارہا ہے اس کی مثال ملک کی دوسری ریاستو میں نہیں مل سکتی ۔ انہوں نے ڈرامے کی تعریف کرتے ہوئے کہا اسے ویڈیو کے ذریعے اردو اور تلگو میں ساری ریاست میں پیش کرنا چاہئے ۔ حکومت کے فلاحی پروگراموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زیادہ سے زیادہ تشہیر ہونی ضروری ہے ۔ سٹ ون اس سلسلے میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے ۔ ڈرامے کے مصنف جناب ہادی رحیل نے کہا کہ انہوں نے ان اقدامات کی عکاسی کرنے کی کوشش کی ہے جو زراعت کے مستقبل کو روشن بنانے کے سلسلے میں کیے جارہے ہیں ۔ جنرل سکریٹری ایس ایم مہدی نے اسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ مسرس فراست علی باقری ، ڈاکٹر غلام عباس خاں اور یوگا ماہر محمد ابراہیم جیلانی نے مخاطب کیا ۔ محترمہ فرح قادری نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ جناب مختار قادری نے ڈرامے کی ہدایت دی جب کہ دستگیر نواز ، ابھیشک سنگھ ، جسمیت کور ، نیلوفر بانو ، انجلی سنگھ اور محمد سردار نے مختلف کردار ادا کیے ۔ جناب احمد صدیقی مکیش نے شکریہ ادا کیا ۔