فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست

رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں یوم تاسیس تقریب ، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب

حیدرآباد۔/3 جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر رچہ کنڈہ کمشنریٹ اسٹیڈیم میں تقاریب میں حصہ لیا۔ انہوں نے تلنگانہ کی جدوجہد میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ کیلئے اپنی جان کو خطرہ میں ڈال دیا تھا۔ ان کی قربانیوں اور جذبہ سے تلنگانہ کے عوام تحریک سے وابستہ ہوگئے۔ محمود علی نے کہا کہ فلاحی اور ترقیاتی اقدامات میں تلنگانہ ریاست سرفہرست ہے۔ انتہائی کم عرصہ میں حکومت نے ملک میں نمبر ون اسٹیٹ کا موقف حاصل کرلیا ہے۔ ملک اور بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کی نظریں تلنگانہ پر ٹکی ہوئی ہیں اور وہ تلنگانہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کے علاوہ 5 لاکھ روپئے بیمہ اسکیم کا آغازکیا ہے۔ کسانوں کو فصلوں کیلئے فی ایکر 8 ہزار روپئے امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اقلیتوں کی ترقی اور بھلائی کا حوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے مسلمان، دلت اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے اقامتی اسکول قائم کئے گئے جو کے سی آر کا کارنامہ ہے۔ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے طلبہ کو امدادی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ کردی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسیس کی کوچنگ کا اہتمام کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آمدنی کا زیادہ تر حصہ یعنی تقریباً 40 ہزار کروڑ روپئے فلاحی اسکیمات پر خرچ کررہی ہے۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ عوام حکومت سے خوش ہیں اور سنہرے تلنگانہ کا خواب پانچ برسوں میں پورا ہوجائیگا۔