گھر گھر مہم چلانے امیدواروں کو ہدایت، انتخابی میٹریل روانہ ، روزانہ رپورٹ کی طلبی
حیدرآباد ۔ 26۔ستمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ اور کارگزار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی امیدواروں اور قائدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات پر انحصار کریں۔ انہوں نے تمام امیدواروں کو پیام روانہ کرتے ہوئے انتخابی مہم کے طریقہ کار اور عوام کا دل جیتنے کیلئے حکومت کی اسکیمات کو پیش کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے اس بات کی خواہش کی جائے کہ حکومت نے جو فلاحی اقدامات کئے ہیں ، ان کے قرض کے طور پر ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع میں جاری انتخابی مہم کی رپورٹ حاصل کر رہے ہیں۔ وہ 3 اکتوبر سے تلنگانہ کے اضلاع میں انتخابی مہم کا آغاز جلسوں سے خطاب کے ذریعہ کریں گے۔ کے سی آر نے پارٹی امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کو ٹی آر ایس کے ووٹرس میں تبدیل کریں ۔ گزشتہ چار برسوں میں مختلف اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی تعداد ہر ضلع میں لاکھوں کی شکل میں ہے۔ پارٹی نے مختلف اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انہیں امیدواروں تک پہنچایا ہے تاکہ امیدوار گھر گھر جاکر استفادہ کنندگان سے ربط قائم کرسکے۔ اسکیمات کے استفادہ کنندگان سے کہا جائے گا وہ ٹی آر ایس کو ووٹ کی شکل میں اپنی تائید کا اظہار کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آسرا پینشن اسکیم کے 40 لاکھ استفادہ کنندگان کے علاوہ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ کے 50 لاکھ کسان ، کنٹی ویلوگو کے 30 لاکھ ، راشن کارڈ پر چاول حاصل کرنے والے 80 لاکھ افراد ، اسکالر شپس اور فیس باز ادائیگی حاصل کرنے والے 13 لاکھ طلبہ ، شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے چار لاکھ استفادہ کنندگان، کے سی آر کٹ حاصل کرنے والی 8.50 لاکھ خواتین اور بھیڑ بکریوں کی تقسیم اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے 2.50 لاکھ افراد پر انحصار کرتے ہوئے انہیں پارٹی کے ووٹرس میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر حکومت کی اسکیمات کے استفادہ کنندگان پارٹی کے حق میں ووٹ دیں تو دوبارہ اقتدار بآسانی ممکن ہے۔ کے سی آر نے تمام امیدواروں کو انتخابی میٹریل اور دیگر ضروری سامان فی الفور روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے اور پارٹی ہیڈکوارٹر سے ہر ضلع کو الیکشن میٹریل کی سربراہی کا آغاز ہوچکا ہے۔
اپولو گروپ آف ہاسپٹلس کو نیشنل بورڈ آف اگزامنیشن کا اعلیٰ ترین ایوارڈ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نیشنل بورڈ آف اگزامنیشن کے 19 ویں کانوکیشن کے موقع پر نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ڈائرکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن ، اپولو ہاسپٹلس ڈاکٹر ٹی سرینواس ریڈی کو طبی تعلیم میں اپولو گروپ آف ہاسپٹلس کی نمایاں خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر اشون کمار چوبے اور انویریا پٹیل بھی موجود تھے ۔۔