تعلیمی اداروں کو آج اور کل تعطیل

حیدرآباد۔ 22ستمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود تعلیمی اداروں کو بارش کے پیش نظر دو یوم کی تعطیل کا اعلان کردیا۔ شہر میں جاری موسلا دھار بارش اور آئندہ دو یوم کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر حکومت نے بلدی حدود میں واقع تعلیمی اداروں کو 23اور 24ستمبر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں حیدرآباد ‘ رنگاریڈی اور میدک ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسرس کے ذریعہ اسکول انتظامیہ کو مطلع کرنے کی صلاح دی گئی ہے کہ ان دو ایام کے دوران تمام سرکاری‘ خانگی‘ امدادی اسکولس و کالجس کو مکمل بند رکھا جائے ان احکامات کا اطلاق مرکزی تعلیمی اداروں پر بھی ہوگا۔ شہر حیدرآباد میں مسلسل بارش کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود اسکول انتظامیہ اور فکر مند والدین و سرپرست اسکولوں کے متعلق دریافت کر رہے تھے۔ حکومت نے اس سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے ذریعہ دو روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔جمعہ ‘ ہفتہ کو تعطیل اور اتوار کو ہفتہ واری تعطیل کے بعد اب اسکولس 26ستمبر بروز دو شنبہ ہی کھولے جائیں گے۔دونوں شہروں کے علاوہ نواحی علاقوں میں جاری ہلکی اور تیز بارش نے شہر کے کئی علاقوں کو زیر آب کردیا ہے اور عوام کو آمد و رفت میں ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کئے گئے اس فیصلہ سے والدین و سرپرستوں نے راحت کی سانس لی۔ بلدی عہدیداروں اور محکمہ ٔ پولیس سے اس سلسلہ میں رپورٹ طلب کرنے کے حکومت نے یہ فیصلہ کیا تاکہ اسکولی طلبہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ گی ایچ ایم سی حدود میں حکومت کی جانب سے معلنہ دو روزہ تعطیل کے دوران اسکول جاری رکھنے والے انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔