فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تلنگانہ ملک کا رول ماڈل

رعیتو بندھو اسکیم کے چیکس کی تقسیم میں بینکوں کے تعاون پر اظہار تشکر ، وزیر فینانس ایٹالہ راجندر
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : وزیر فینانس تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے فلاحی اسکیمات کی عمل آوری میں تلنگانہ کو ملک کا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے رعیتو بندھو اسکیم کے چیکس کی تقسیم میں بینکوں کے تعاون پر حکومت کی جانب سے اظہار تشکر کیا ۔ 2018-19 سالانہ کریڈیٹ پلان کا رسم اجراء کیا ۔ آج بینکرس کے 19 واں سہ ماہی اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ماضی میں گجرات کو ملک کا رول ماڈل اسٹیٹ کہا جاتا تھا ۔ مگر علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں جو ترقیاتی و تعمیری فلاحی اقدامات کئے گئے ہیں وہ مثالی ہیں ۔ تشکیل کے صرف 4 سال میں تلنگانہ ہر معاملے میں ملک کے رول ماڈل اسٹیٹ میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ ملک کی کئی ریاستیں نہ صرف تلنگانہ کی ستائش کررہی ہیں بلکہ تلنگانہ کی اسکیمات کو اپنے اپنے ریاستوں میں روشناس کرارہی ہیں ۔ انہوں نے رعیتو بندھو اسکیم پر عمل کرنے والی تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کی کامیابی میں بنکوں نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ بینکوں کے تعاون کے بغیر اسکیم کی کامیابی ناممکن تھی ۔ وزیر فینانس نے حکومت کی جانب سے بینکرس سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم سے بینکوں میں فنڈز کی قلت کسی قدر گھٹی ہے ۔ ہوٹل تاج دکن میں منعقدہ بینکرس کے 19 واں سہ ماہی اجلاس میں سال 2018-19 کے کریڈیٹ پلان کی اجرائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے رعیتو بندھو اسکیم کے لیے مرکز سے 5 ہزار کروڑ روپئے طلب کیا تھا تاہم صرف 3 ہزار کروڑ روپئے دیا گیا ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ ایک چھوٹی اور نئی ریاست ہونے کے باوجود کئی اسکیمات کو روشناس کراتے ہوئے ملک میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے ۔ بینکوں کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا ۔ فینانشیل ڈسپلین میں تلنگانہ نمبر ون ہونے کا ( کاگ ) رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے روشناس کردہ فلاحی اسکیمات اور اس میں بینکوں کا تعاون دونوں ناقابل فراموش ہیں ۔ مشین بھگیرتا پراجکٹ کو بینکرس نے 25 ہزار کروڑ روپئے فراہم کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کی ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل سے زرعی شعبہ کو پانی کی سیرابی میں جہاں توسیع ہوگی وہیں کئی اضلاع کے عوام کو پینے کا پانی دستیاب ہوگا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ ایک وہ بھی زمانہ تھا جب متحدہ ریاست کو ’ رائس بول آف آندھرا پردیش ‘ کہا جاتا تھا ۔ تلنگانہ میں غیر منقسم ضلع کریم نگر کو اسی طرز پر ترقی دی جارہی ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے بینکرس کو دیہی علاقوں میں اپنے برانچس کو توسیع دینے کا مشورہ دیا ۔ بینکوں میں ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو قرض دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے کی حکومت کوشش کررہی ہے ۔ چھوٹے چھوٹے صنعتوں کے قیام کے لیے بینک ڈپازٹ کے بغیر قرض جاری کریں ۔ صدر خاندان کے انتقال پر حکومت کی جانب سے راحت فراہم کرنے کے لیے انشورنس اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے ۔ بینکس، حکومت کا حصہ ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے لیے بینکرس مکمل تعاون کریں ۔ حکومت کی جانب سے بھی بینکوں کی ہر ممکن مدد و تعاون کیا جائیگا ۔۔