فلاحی اسکیمات میںا قلیتی طبقہ کی مناسب حصہ داری یقینی بنانے پر زور

رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں توجہ دہانی ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کی ہدایت
حیدرآباد ۔24 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود کو ہدایت دی کہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں اقلیتی طبقہ کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری میں شفافیت سے کام لینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ موجودہ جاریہ اسکیمات پر عمل آوری کو بہرصورت مکمل کیا جائے تاکہ درخواست گزاروں کو مایوسی نہ ہوں۔ جناب محمود علی نے اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو ایک نوٹ روانہ کرتے ہوئے موجودہ اسکیمات میں ترمیمات کی سفارش کی ہے۔ واضح رہے کہ اقلیتی بہبود کا قلمدان چیف منسٹر نے اپنے پاس رکھا ہے ۔ جناب محمود علی نے چیف منسٹر کے علاوہ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود کو بھی اس سلسلہ میں نوٹ روانہ کرتے ہوئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی سبسیڈی سے متعلق اسکیم کیلئے عمر کی حد میں تبدیلی کی سفارش کی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جی او ایم ایس 31 مورخہ 23 جولائی 2008 ء میں اسکیم سے استفادہ کیلئے عمر کی حد 18 تا 55 سال مقرر کی گئی تھی، اس کو بحال کیا جانا چاہئے ۔ کانگریس حکومت نے جی او ایم ایس 101 مورخہ 31 ڈسمبر 2013 ء کے ذریعہ عمر کی حد 21 سے 40 سال مقرر کی تھی۔ جناب محمود علی نے کہا کہ اس فیصلہ سے کئی مستحق افراد جو معاشی طور پر پسماندہ ہیں ، اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیم سے استفادہ سے محروم ہوجائیں گے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ سبسیڈی کے حصول کیلئے عمر کی حد 21 تا 55 سال مقرر کی جائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اردو میڈیم نصابی کتابوں کی طباعت کا کام اردو اکیڈیمی کے حوالے کرنے کی بھی سفارش کی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت اردو میڈیم نصابی کتابیں تلگو اکیڈیمی کی جانب سے شائع کی جارہی ہیں ۔ اگر یہ کام اردو اکیڈیمی کے حوالے کردیا جائے تو بروقت اشاعت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کے موقف سے متعلق حکومت کے وعدے کے پیش نظر ڈپٹی چیف منسٹر نے چیف منسٹر کو تجویز پیش کی کہ ضلع کھمم میں بھی اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا جائے۔ متحدہ ریاست میں 15 اضلاع میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا تھا ، جن میں تلنگانہ کے 9 اضلاع شامل ہیں۔ تلنگانہ کا ایک ضلع کھمم ، دوسری سرکاری زبان قرار دینے سے محروم رہا۔ لہذا کھمم ضلع میں بھی اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیتے ہوئے احکامات جاری کئے جائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ ان مسائل پر فوری توجہ مرکوز کرتے ہوئے عاجلانہ کارروائی کریں۔ انہوں نے رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں بھی محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروںکو ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل شہر اور اضلاع میں انتظامات مکمل کرلئے جائیں۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری کے ذریعہ تمام ضلع کلکٹرس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔