ترقیاتی پروگرامس کیلئے ٹیکس کی وصولی ضروری : مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو
حیدرآباد۔ 14 ڈسمبر (این ایس ایس) یہ کہتے ہوئے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ ٹیکس وصولی سے حکومت کو فلاحی اسکیمات شروع کرنے میں مدد ہوگی۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جب تک حکومت محاصل وصول نہ کرے۔ فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی پروگرامس کو تیزی کیساتھ روبہ عمل نہیں لاسکتی۔ نائیڈو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قابل قیادت میں ملک تیزی کیساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ مرکز کی جانب سے اب عوام کی فلاح و بہبود کے امور پر توجہ دی جارہی ہے کیونکہ ملک کے معاشی نظام کو پھر سے صحیح سمت میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے بزنس مین اور صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ اے پی اور بالخصوص رائلسیما میں پراڈکٹس اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے آگے آئیں جہاں بہتر سڑکیں، پانی اور ایرکنیکٹیویٹی موجود ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں اسمارٹ سٹیز کی تعمیر کا کام عوامی خانگی شراکت کے ساتھ تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے۔ اچھی حکمرانی کیلئے اے پی چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی ستائش کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نئی ریاست کو ترقی دینے کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور اس کیلئے ترغیب دینے کی کوشش کررہے ہیں۔