ضلع کلکٹرس کانفرنس سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔24 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور حکومت کی ترجیحات سے واقف کرایا ۔ 10 اضلاع کے ضلع کلکٹرس اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں چندر شیکھر راؤ نے ضلع کلکٹرس پر ذمہ داری عائد کی کہ وہ حکومت کی اسکیمات پر موثر انداز میں عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی سب پلان پر عمل آوری اور اقلیتوں کی بھلائی کیلئے وضع کی گئی اسکیمات پر سختی سے عمل آوری کی جائے اور ان اسکیمات کے فوائد مستحقین تک پہنچنے چاہئیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ پانچ برسوں میں فلاحی اسکیمات پر ایک لاکھ کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ ضلع کلکٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکیمات پر کامیاب عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی چوکسی اختیار کرلیں اور عوام کو بارش کے نقصانات سے
بچانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے روکنے ، نالوں کی صفائی اور دیگر ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے سبب پیدا ہونے والے وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کو چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ ہر ضلع میں میڈیکل ٹیمس کو تیار رکھا جائے جو متاثرین کو فوری طبی امداد پہنچائیں۔ چندر شیکھر راؤ نے قریب سیزن کے دوران کسانوں کی ہر ممکنہ مدد کرنے کیلئے کلکٹرس کو ہدایت دی اور کہا کہ کسانوں کو معیاری بیج فراہم کئے جائیں اور نقلی ادویات سربراہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
چیف منسٹر نے کلکٹرس کو واقف کروایا کہ حکومت نے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ کسانوں کو اس بات کا یقین دلائیں کہ قرضوں کی معافی کی اسکیم پر حکومت بہت جلد عمل کرے گی اور اس سلسلہ میں بینکرس کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ چندر شیکھر راو نے بارش کے پانی کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے ضلع کلکٹرس کو مشورہ دیا اور کہا کہ قدیم تالابوں اور کنٹوں کا تحفظ کیا جائے تاکہ وہاں پانی کا ذخیرہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ تالابوں اور ذخائر آب پر ناجائز قبضوں کے خلاف بھی کارروائی کریں۔ اجلاس میں موجود وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے ضلع کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں تاکہ اسکیم آبپاشی کیلئے استعمال کیا جاسکے ۔