حیدرآباد ۔ 16 مئی (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی نے اپنے حدود میں واقع فلائی اوورس کو خوبصورت بنانے کا پروگرام شروع کیا ہے جسکے تحت سکندرآباد فلائی اوور کے رنگ روغن و سبزہ زاری کے علاوہ ایل ای ڈی لائیٹس کی تنصیب کیلئے 1.6 کروڑ روپئے صرف کئے جائینگے۔ سکندرآباد ۔ پٹن او۔ سنٹرل ٹیلیگراف آف روڈ کے درمیان فلائی اوور پر ریلنگ لگانے اور باغیچہ کے فروغ کیلئے 9 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ نارتھ زون کے کمشنر جے شنکریا نے کہا کہ فلائی اوور کو خوبصورت بنانے کا کام جاری ہے۔
کے سی آر قومی سطح پر کسانوں کے مسیحا کی حیثیت سے ابھرنے کے خواہاں
حیدرآباد ۔ 16 مئی (این ایس ایس) قومی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کے سی آر کے مستقبل کی حکمت عملی پر تمام تر توجہ مرکوز ہوگئی ہے گور ماضی کے پس منظر کے برخلاف اب یہ دیکھا جائیگا کہ آیا وہ کانگریس کے تئیں اپنا موقف بدلنے پر مجبور ہونگے اور آیا 2019ء کے انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کرنے کیلئے متحدہ اپوزیشن کیساتھ شامل ہوجائینگے؟ لیکن صرف آنے والے دن ہی بتائینگے کہ ٹی آر ایس کے سربراہ اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے منصوبے کیا ہونگے لیکن کے سی آر قومی سطح پر کسانوں کے مسیحا کی حیثیت سے ابھرنے کے خواہاں ہیں۔
اپنی ریاست میں کسانوں کیلئے مختلف فلاحی اقدامات کے ذریعہ ایک مسیحا کے طور پر ابھرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھے ہیں۔ بالخصوص 58 لاکھ کسانوں کو سالانہ 8000 فی ایکڑ سرمایہ کاری سبسیڈی کی منفرد انقلابی اسکیم پر وہ 12000 کروڑ روپئے خرچ کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں کسانوں کے پانی کے بلس معاف کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور روزانہ 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے جس سے اس بات کا واضح ثبوت مل گیا ہے کہ وفاقی محاذ کیلئے انکے مقاصد کی تکمیل یا عدم تکمیل سے قطع نظر کے سی آر قومی سطح پر خود کو کسانوں کے مسیحا کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔