فضائی و صوتی آلودگی سے پاک ماحول کے لیے الیکٹرک بسیس متعارف

تجربہ کی کامیابی پر مزید بسوں میں اضافہ ، پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد۔5ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں فضائی و صوتی آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی و ماحولیات کے تحفظ کے لئے حکومت کی جانب سے الیکٹرک بسیں روشناس کروائی گئی ہیں اور ان بسوں کو آج سیکریٹریٹ سے پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کماراور مسٹر اجئے مشرا خصوصی چیف سیکریٹری برائے محکمہ توانائی نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ حکومت نے شہر حیدرآبا دمیں 100 بسیں چلانے کا اعلان کیا تھا لیکن پہلے مرحلہ میں آج 40 بسوں کی شروعات کی گئی ہے جو کہ شہر کے مختلف مقامات سے شمس آباد ائیر پورٹ تک چلائی جائیں گی۔ ان الیکٹرک بسوں کی خصوصیت یہ ہے کہ ان سے کوئی صوتی اور فضائی آلودگی نہیں ہوگی۔ مسٹر اجئے مشرا چیف سیکریٹری توانائی نے محکمہ بلدی نظم و نسق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بسوں کی شروعات ایک کارنامہ ہے اور اس کارنامہ کیلئے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور محکمہ بلدی نظم و نسق قابل مبارکباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بسوں کے استعمال میں اضافہ سے شہر میں صوتی و فضائی آلودگی پر بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے ۔ مسٹر اروند کمار نے اس موقع بات چیت کے دوران کہا کہ محکمہ بلدی نظم و نسق و روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ابتدائی طور پر شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات سے ائیر پورٹ تک 40 بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد مابقی 60 بسوں کی بھی شروعات کرلی جائے گی۔ شہر حیدرآباد میں حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے 21نشستوں والی الیکٹریکل بسوں کی شروعات کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے شہر میں ای۔ سوچھ آٹو چلانے کا بھی منصوبہ ہے ۔ ان بسوں کی شروعات کے بعد اب مسافرین صوتی و فضائی آلودگی کے بغیر بس کا سفر کرسکتے ہیں ۔ مسٹر اروند کمار نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے یہ 40 بسیں Olectraکمپنی سے حاصل کی ہیں اور اسی کمپنی سے مزید 60بسیں حاصل کرتے ہوئے ٹی ایس آر ٹی سی کے حوالہ کی جائیں گی جن کے راہوں کے تعین کی ذمہ داری روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ہوگی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں الیکٹریکل بسوں کا تجربہ کامیاب ہونے کا قوی امکان ہے اور اس بات کا جائزہ لینے کے بعد ہی حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ابتدائی طور پر 100 بسوں کے ذریعہ یہ خدمات شروع کی جائیں اور اب فوری 40 بسوں کے ساتھ مختلف مقامات سے ائیرپورٹ تک کے لئے خدمات کا آغاز کردیا گیا ہے۔