حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری وزارت شہری ہوا بازی اشوک لاواسا نے آج کہا کہ ہندوستانی فضائی خدمات جاریہ دہے میں 10.1 فیصد سالانہ اوسط کی شرح سے ترقی کریں گی ۔ ’ انڈیا ایویشن 2014 ‘ کی افتتاحی تقریب کے دوران انہوں نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی ، ممبئی ، بنگلور ، حیدرآباد ، کوچین میں پی پی پی ماڈلس کی کامیاب عمل آوری کو دیکھتے ہوئے پی پی روٹ کے تحت نوی ممبئی ، گوا ، کنور اور کشائی نگر کے بشمول خانگی مینجمنٹ کے لیے چھ ایرپورٹس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں ایرپورٹس پر مسافرین کی گنجائش کو پچھلے پانچ سال کے دوران 72 ملین سے 233 ملین کیا گیا ہے ۔۔
ڈریم لائینز 787 کو چلانے کا منصوبہ نہیں : ایر انڈیا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ایر انڈیا نے اس بات کی وضاحت کی کہ ڈریم لائنز 787 کو چلانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ روہت ٹنڈن صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر ایر انڈیا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بوئنگ اور ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن ( ڈی جی سی اے ) دونوں نے اس بات کی یقینی دہانی کروائی ہے کہ ڈریم لائنز 787 کے حفاظتی مدات کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک کمیٹی ڈریم لائینز کے متعلق اندرون 18 ماہ ایک رپورٹ پیش کرے گی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایر انڈیا 9 اے ٹی آر اور 19 اے 320 کو تبدیل کررہی ہے ۔۔