فضائی حملے میں چار معصوم شہری ہلاک

کابل ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغان عہدیدار کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں ایک ’’دوستانہ فائرنگ‘‘ کے دوران کم و بیش چار شہری جن میں ایک بچہ اور تین خواتین شامل ہیں، اس وقت ہلاک ہوگئے جب افغان ایرفورس نے ایک فضائی حملہ کیا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عزیزاحمد عزیزی نے بتایا کہ اس واقعہ میں ایک بچہ اور سات خواتین زخمی بھی ہوئے ہیں جو دراصل طالبان شورش پسندوں کو نشانہ بنانے کیلئے کئے گئے تھے۔ مسٹر عزیزی نے بتایا کہ طالبان جنگجوؤں ماحروف ڈسٹرکٹ کے مواضعات کو نشانہ بنایا تاہم پولیس نے بھی مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کے دانت کھٹے کردیئے۔ تاہم ایک پولیس اہلکار جان بحق ہوا اور ایک دیگر زخمی ہوا جبکہ 10 طالبان ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔ اس کے فوری بعد گھبرائے ہوئے طالبان یہاں وہاں چھپنے کیلئے لوگوں کے مکانات میں گھس گئے جس کے بعد جب فضائی حملے کئے گئے تو معصوم اور بے گناہ شہری بھی ہلاک ہوئے جن میں ایک بچہ اور تین خواتین شامل ہیں۔