فضائی حملوں کی سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ستائش

بی جے پی کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت کی تعریف
نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی خطوط سے بالاتر ہوکر قائدین نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے اس کہنے پر ہ ہندوستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور وہ اپنی قوم کی اہمیت کم کرنے کی اجازت نہ دیں گے۔ جیش محمد کے دہشت گرد کیمپوں پر پاکستان میں ہندوستانی فضائیہ کے حملوں کی دل کھول کر تعریف کی۔ حکومت نے قائدین کو کارروائی کی تفصیلات سے واقف کروانے کل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا۔ کانگریس نے کہا کہ وہ فوج کی تائید کرتی ہے جس سے وہ دہشت گردوں کے ہندوستان میں آمد کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں جو اپنی کارروائی کے ذریعہ ہندوستان کو ملفوج کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم مودی ایسا معلوم ہوتا ہیکہ تین عام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کی بلند آہنگ ستائش کرچکے ہیں حالانکہ انہوں نے خاص طور پر اس کارروائی کے سلسلہ میں حوالہ نہیں دیا۔ جیسے ہی فضائی حملوں کی اطلاع عام ہوئی صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپنے ٹوئیٹر پر ہندوستانی فضائیہ کی تعریف کی۔ ترنمول کانگریس کی صدر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے فضائی حملوں کا ویڈیو دیکھ کر کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کا مطلب حیرت انگیز جنگجو ہے جئے ہند۔ بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے ہندوستانی فضائیہ کو سلام پیش کیا۔ بی جے پی نے فوری طور پر اس کارروائی کو پراجکٹ مودی کا نام دیا اور کہا کہ ان کی طاقتور اور فیصلہ کن قیادت میں ایک ایسے وقت قومی صیانت کی اہمیت اجاگر کی جبکہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیاں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی تھی۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے حملے جو پاکستان میں دہشت گردوں کے کیمپوں پر کئے گئے، ہندوستان کے عزم اور استقلال کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس سے واضح ہوگیا ہیکہ ملک مودی کی طاقتور اور فیصلہ کن قیادت کے تحت ہے۔ انہوں نے فوج کی دلیری اور بہادری کو سلام کیا۔

عوام نے مطالبہ کیا تھا کہ دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے کیونکہ وہ پلوامہ جیسے حملے بار بار کررہے ہیں۔ بی جے پی قائدین اور مرکزی وزراء نے بھی اسی قسم کے نظریات کا اعادہ کیا۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ ہندوستان پوری طاقت کے ساتھ مودی کی تائید میں کھڑا ہوا ہے۔ بی جے پی کی حلیف لوک جن شکتی پارٹی کے صدر رام ولاس پاسوان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ نے مودی کی ہنرمند قیادت کو فتح حاصل ہوئی۔ اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صاف ظاہر ہوگیا ہیکہ ہندوستان اور ایک طاقتور اور فیصلہ کن حکومت کی ضرورت ہے بے بس حکومت کی نہیں۔ بی جے پی کے نظریاتی سرپرست ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس نے حکومت اور فضائیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے برہم جذبات کو جو یکساں طور پر تمام ہندوستانیوں کے تھے، عمل میں تبدیل کردیا۔ کئی ریاستی حکومتوں نے بھی فضائیہ کے حملوں کی تعریف کی۔ کانگریس زیراقتدار چھتیس گڑھ اسمبلی نے چیف منسٹر بھوپیش باگھیل بی جے پی مقننہ پارٹی کے قائد دھرم لال کوشک اور ایوان کے دیگر ارکان نے ہندوستانی فوجیوں کو سلام پیش کیا۔ ریاستی اسمبلی نے ہندوستانی فضائیہ کی دلیری اور جانبازی کی تعریف کی۔ مہاراشٹرا میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں پورے ایوان میں فوجیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔