فضائی آلودگی سے تاج محل کا رنگ متاثر : حکومت

نئی دہلی 3 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کی تاریخی عجائبات میں شامل عمارت تاج محل کا رنگ فضائی آلودگی کی وجہ سے متاثر ہوسکتا ہے ۔ ریسرچ میں پتہ چلا ہے کہ اس یادگار عمارت کے اطراف کی فضا میں ایسے اجزا موجود ہیں جو عمارت کی چمک دھمک متاثر کرسکتے ہیں۔ حکومت نے لوک سبھا کو مطلع کیا ۔ وزیر ماحولیات و جنگلات پرکاش جاودیکر نے کہا کہ ریسرچ کے ذریعہ پتہ چلا ہے کہ تاج محل کا جو سنگ مرمر ہے اس پر ایسے اجزا جمع ہوتے جا رہے ہیں جن میں اس عمارت کی چمک کو متاثر کرنے والے اجزا شامل ہیں۔ ریسرچ پیپر کو ماحولیاتی سائیسن و ٹکنالوجی کے جرنل میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ جارجا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ‘ آئی آئی ٹی کانپور اور محکمہ آثار قدیمہ کے جرنل میں بھی اس کو شامل کیا گیا ہے ۔ جاودیکر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایوان میں بتایا کہ تاج محل کے اطراف و اکناف کی جو فضا ہے وہ آلودہ ہے اور اس میں شامل اجزا اس تاریخی یادگار عمارت کے رنگ کو متاثر کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس عمارت کے تحفظ کیلئے حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تاج محل کو 17 ویں صدی میں مغل حکمران شاہجہاں نے اپنی شریک حیات ممتاز محل کی یاد میں تعمیر کروایا تھا ۔