نئی دہلی۔ 25 ۔ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹوں نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہماچل پردیش کے لاہول اسپتی ضلع کے پنگ ڈونگ لا میں برفباری کی وجہ سے پھنسے جرمن جوڑے کو بچانے میں کامیاب حاصل کی ہے ۔جرمن جوڑا پنگ ڈونگ لا علاقے میں گزشتہ ہفتہ ٹریکنگ کے لئے گیا ہوا تھا اور انہوں نے اپنا ٹینٹ لگا رکھا تھا۔ یہ دونوں اچانک آئے برفیلے طوفان میں پھنس گئے ۔ دو دنوں تک مسلسل برفباری کی وجہ سے یہ ٹینٹ سے باہر نہیں نکل سکے اور ان کا ٹینٹ برف سے ڈھک آگیا۔ جب ان کے پاس کھانے پینے کی اشیا ختم ہوگئیں تو انہوں نے پیر کے دن پرسنل ریسکیو بیکن (پی آر بی)کے ذ ریعہ سے علاقائی کوآرڈی نیٹ روم نے یہ پیغام ملنے کے بعد اسے فضائیہ کے مغربی کمان کو بھیجا۔ مغربی کمان نے سیاچن پینئر ہیلی کاپٹر یونٹ کو اس مشن کی ذمہ داری سونپی۔خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر شام کو اڑان نہیں بھر سکا اور یہ طے ہوا کہ ہیلی کاپٹر منگل کے دن صبح چھ بجے اڑان بھرے گا۔ونگ کمانڈر ڈے اور ونگ کمانڈر پردھان نے دو ہیلی کاپٹر میں اڑان بھری۔ پہلے تو انہیں جس علاقے سے بیکن کا اشارہ ملا تھا وہاں کچھ نہیں دکھائی دیا لیکن قریب پہنچنے پر انہیں برف میں ایک ابھرا ہوا حصہ اور اس پر ٹینٹ کا کپڑا ہلتا ہوا دکھائی دیا۔