فصلوں کے لیے ’ اسمارٹ ٹکنالوجیز فار واٹر مینجمنٹ ‘ کا فروغ

ٹکنالوجی کسانوں کے لیے معاون ، ڈاکٹر کے یلاریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں واقع واٹر اینڈ لینڈ مینجمنٹ ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (WALA MTARI) کی جانب سے جو کہ حکومت کا ایک ادارہ ہے ، کلائما ایڈاپٹ پراجکٹ کے تحت فصلوں کے لیے ’ اسمارٹ ٹکنالوجیز فار واٹر مینجمنٹ ‘ کو فروغ دیا گیا ہے اس پراجکٹ کے لیے حکومت ناروے کی جانب فنڈ فراہم کیا گیا ہے ۔ اس انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر کے یلاریڈی نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسمارٹ ٹکنالوجی کو کم قیمت کے سینسرس کو استعمال کرتے ہوئے فروغ دیا گیا ہے تاکہ پانی کے موثر استعمال کے علاوہ زمین کی نمی اور ماحولیاتی باتوں کو اس پراجکٹ کے ذریعہ معلوم کیا جاسکے ۔ یہ سینسرس پانی کی تقسیم اور اس کے استعمال کی نگرانی کریں گے اور فضا میں رطوبت کی پیمائش بھی کریں گے اور یہ تمام انفارمیشن کسانوں کے موبائل پر ایک میسیج کے طور پر روانہ کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ سولار پیانل کے ساتھ اسمارٹ ٹکنالوجی سینسر کٹس کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں پائیلٹ اساس پر 14 مقامات پر دھان کی فصلوں میں پانی کے استعمال کو ناپنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے اور کہا کہ ہم سینسر کٹس کو استعمال کرنے کے لیے کسانوں کو ٹریننگ بھی فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سینسر کٹ کی قیمت فی کٹ تقریبا 20 ہزار روپئے ہوگی اور اس کی کامیابی پر ہم اسے مارکٹ میں لائیں گے ۔۔