فصلوں کو بچانے پلانس تیار کیے جائیں

اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو پی سرینواس ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( این ایس ایس ) : وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی نے آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بارش کی کمی کے پیش نظر فصلوں کو بچانے کے لیے پلانس تیار کئے جائیں ۔ وزیر موصوف نے یہاں عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا اور خریف کی تیاری اور کھڑی فصلوں کو پانی کی فراہمی کے لیے کیے جارہے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ یہ کہتے ہوئے کہ مانسون سیزن کے دوران اگست میں معمول کے مقابل 66 فیصد بارش کم ہوئی ہے ۔ سرینواس ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وقتا فوقتا کسانوں کو مشورے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کھڑی فصلوں بشمول دھان ، پھل ، ترکاریوں اور پھول کے باغات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے چاہئے ۔ وزیر زراعت نے اگریکلچر ونگ ، ہارٹیکلچر کے عہدیداروں جئے شنکر اگریکلچرل یونیورسٹی کے پروفیسرس ، کونڈا لکشمن باپوجی ہارٹیکلچر یونیورسٹی کے عہدیداروں سے کہا کہ کھڑی فصلوں کو بچانے کسانوں کو بروقت مشورے دینے کے لیے تال میل سے کام کریں ۔۔