فشریز صنعتوں کیلئے مزید فنڈز مختص کئے جائینگے‘ چیف منسٹر

حیدرآباد 3 جنوری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ ریاستی حکومت فشریز اور ایکوا کلچر محکموں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میںان محکمہ جات کیلئے درکار فنڈز مختص کئے جائیں گے تاکہ ان محکموں کی صلاحیتوں کے مطابق استفادہ کیا جائے ۔ فی الحال ان محکموں کا بجٹ 5000 کروڑ ہے ۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے فشریز سائینس کے دو کالجس بھی قائم کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں ریاست میںفشریز ڈیولپمنٹ پر مباحث کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی رپورٹس کے بموجب ہماری ریاست میں 4,500 تا 5000 کروڑ روپئے مالیتی فشریز رکھنے کی صلاحیت ہے ۔ ہم آئندہ بجٹ میں مزید فنڈز مختص کرینگے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ریاست اپنی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کرسکے اور فائدہ حاصل کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو فشریز کلاجس بھی ریاست میں قائم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ایک کالج جنوبی تلنگانہ میں اور دوسر ا شمالی تلنگانہ میں قائم کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مچھیروں کو عصری آلات بھی فراہم کئے جائیں گے جن میں نیٹس ‘ عصری موٹر بوٹس اور دوسرے سامان بھی شامل ہیں۔ تاہم اسمبلی میں کانگریس ارکان نے کسانوں کے زیر التوا بقایہ جات پر وزیر افزائش مویشیان کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واک آوٹ کیا ۔