آئین میں تبدیلی اور اپوزیشن کا وجود ختم کرنے بی جے پی حکومت کی کوشش انتہائی خطرناک:سی پی آئی لیڈر سدھاکر ریڈی
حیدرآباد۔29اگست(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ریاستی کونسل تلنگانہ کے دوروزہ اجلاس کا آج پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںآغاز ہوا۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انھوںنے کہاکہ موجودہ بی جے پی مرکزی حکومت اپوزیشن جماعتوں کا وجود ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے جو ہندوستان کے جمہوری نظام کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ مختلف ریاستوں میںسرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو دھمکایا جارہا ہے۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی خریدوفروخت کھلے عام کی جارہی ہے۔ انہوں نے حالیہ گجرات میں پیش آئے راجیہ سبھا انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے کے ذریعہ ہندوستان کے جمہوری نظام پر بھروسے کو تقویت پہنچائی ہے۔ سدھاکر ریڈی نے دوروز قبل ضمنی انتخابی نتائج میں دہلی کی ایک اسمبلی نشست پر عام آدمی پارٹی کی کامیابی کو بھی خوش آئند قراردیا۔ قومی سکریٹری سی پی آئی نے پٹنہ میں آر جے ڈی کی ’’دیش بچاؤ بی جے پی بھگاؤ‘‘ ریالی میں تقریباً سات لاکھ عوام کی شرکت کو قابل ستائش قراردیا۔ انھوں نے کہاکہ سیلاب کے باوجود اتنی بڑی تعداد میںریالی میں لوگو ں کی شرکت سے یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ بہار کے لوگ نتیش کمار کی دھوکہ بازی سے سخت ناراض ہیں۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ اب وقت ہے کہ ملک میںبڑھتی فسطائیت کے خلاف سکیولر طاقتوں کو متحد ہوکر لڑنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ فسطائی طاقتیں جمہوری ہندوستان کے آئین میںتبدیلی کے خواب دیکھ رہی ہیں جس کو پورا ہونے سے روکنے کی ذمہ داری اب سیکولر طاقتوں پر عائد ہوتی ہے۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے کہاکہ بدعنوانی او ررشوت خوری کے خلاف بائیںبازو جماعتیں 15ستمبر تا15اکٹوبر ملک گیر سطح پر عوام میںشعور بیداری مہم چلائیں گی۔ سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے ریاستی حالات پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو کسان و عوام دشمن قراردیا۔ انھوں نے کہاکہ کسانوں اور عام آدمی کے حقوق سلب کرنے کی تلنگانہ حکومت کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کے جمہوری حقوق سلب کرنے کی کوششیں حکومت تلنگانہ کی جانب سے کی جارہی ہیں۔ انہو ںنے مثال کے طور پر دھرنا چوک کی منتقلی کا واقعہ پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ دھرنا چوک کی بازیابی کے لئے دہلی کے جنتر منتر پر منعقد کیاگیا احتجاج کامیاب رہا۔ انھوں نے مزیدکہاکہ اس ضمن میںہم نے مرکزی وزیرداخلہ سے بھی نمائندگی کی ہے۔ سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔