فساد متاثرین کی باز آبادکاری پر حقوق انسانی کمیشن مطمئن

لکھنو 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) یوپی میں سماجوادی پارٹی کو آج اس وقت راح نصیب ہوئی جب قومی حقوق انسانی کمیشن نے مظفر نگر فساد متاثرین کی باز آبادکاری کیلئے اس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کی ہے ۔ تاہم کمیشن نے یہ واضح کیا کہ ریلیف کیمپس میں جو سہولیات فراہم کی گئی تھیں وہ ناکافی تھیں۔ قومی حقوق انسانی کمیشن کے صدر نشین کے جی بالاکرشنن نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن فسادات میں بے گھر ہونے والے افراد کی بازآبادکاری کیلئے یو پی حکومت کے اقدامات کی ستائش کرتا ہے ۔

یہ لوگ ریلیف کیمپس میں مقیم تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو 51 ہزار افراد کی بازآبادکاری کرنی تھی اور یہ کام آسان نہیں تھا ۔ اب صرف 2,600 افراد ریلیف کیمپس میں ہیں۔ بالا کرشنن نے تاہم کہا کہ ریلیف کیمپس میں طبی خدمات اور صفائی کے انتظامات جو کئے گئے تھے وہ ناکافی تھے اور ان کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس میں بچوں کے بشمول 47 افراد فوت ہوئے ہیں۔

کشمیر میں حریت کانفرنس میں پھوٹ ‘ محاذی گروپ کا قیام
سرینگر 17 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر میں اعتدال پسند حریت کانفرنس لیڈر میر واعظ عمر فاروق کو آج اس وقت جھٹکا لگا جب اس کے چار سینئر قائدین نے حریت کانفرنس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ایک متوازی گروپ قائم کرلیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ حق خود ارادیت کی موجودہ جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہونچایا جائیگا۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ ہم حریت کانفرنس جموں و کشمیر قائم کرنے کا اعلان کرتے ہیں اور یہی اصل حریت کانفرنس اور جموںو کشمیر کے عوام کی نمائندہ تنظیم ہے ۔ شبیر احمد شاہ نے نیشنل فرنٹ صدر نشین نعیم احمد خان ‘ محاذ آزادی کے سربراہ اعظم انقلابی اور اسلامی سیاسی جماعت کے سربراہ محمد یوسف نقاش کے ہمراہ ‘ حریت کانفرنس سے بغاوت کردی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ میر واعظ نے حریت کانفرنس مقبوضہ کشمیر کے کنوینر کوا یک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان تمام قائدین کو اہمیت نہ دی جائے جس کے بعد انہوں نے علیحدہ گروپ قائم کرلیا ہے ۔