لکھنو 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن نے فساد متاثرین کے حق رائے دہی سے استفادہ کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم چلائیگی اور بے گھر افراد کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے جائیں گے جو کئی ریلیف کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ ان تمام کو عارضی شناختی کارڈز بھی سربراہ کئے جائیں گے ۔ اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر اومیش سنہا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریلیف کیمپوں میں رہنے والوں کیلئے ایک خصوصی کیمپ منعقد کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متاثرین کو درج رجسٹر کیا جائیگا اور انہیں عارضی ووٹر شناختی کارڈز فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں۔ فی الحال 12,000 افراد ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں۔