تلگو کتاب ’ اسلام کیا ہے ؟ ‘ کا جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں رسم اجراء ، غلام نبی شاہ اور ڈاکٹر سراج کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( راست ) : برادران وطن ، غیر مسلم بھائی ہمارے خونی رشتہ دار ہیں ہم سب ایک باپ حضرت آدم ؑ کی اولاد ہیں ۔ پیغمبر اسلام ساری انسانیت کے رسول ہیں ۔ روز آخرت پر امت مسلمہ کا ایمان ہے ۔ قیامت کے دن جس ذمہ داری کی باز پرس ہوگی وہ برادران وطن میں دعوت دین حق کے عظیم پیغام کو پہنچانا ہے ، کیا یہ حق ہم ادا کررہے ہیں؟ ۔ اعلائے کلمۃ الحق امت کا منصبی فریضہ ہے ۔ برادران وطن کے ساتھ تعلقات بڑھانا ، اپنا انداز فکر بدلنا ان کا رب سے ٹوٹا ہوا رشتہ جوڑنا ، اس عظیم ذمہ داری کو دے کر رب العالمین نے امت مسلمہ کو دنیا میں بھیجا ۔ افسوس کہ ہم اس عظیم ذمہ داری کو پس پشت ڈال کر خواب غفلت میں ہیں ۔ آج بھی اس دین حق کے لیے محنت کریں گے تو کھویا ہوا وقار اور عظمت حاصل کرنے والے بنیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار داعی اسلام غلام نبی شاہ نقشبندی نے کیا ۔ تلگو زبان میں غیر مسلموں سے محبت کا برتاؤ ، حسن سلوک ، ان کے دلوں میں ہمارے لیے یا اسلام کے بارے میں جو نفرت ہے اس کو دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور یہ ان کو راہ راست پر لا سکتا ہے ۔ امت مسلمہ کو بنی نوع انسان کی خدمت ، خیر خواہی بلالحاظ مذہب و ملت خیر کے کاموں میں حصہ لینا چاہئے جیسے یتیموں کی مدد ، مسافروں کی مہمان نوازی ، عمومی فلاح و بہبود کے کاموں کی اسلام تاکید کرتا ہے ۔ اور یہی سنت رسول ﷺ بھی ہے ۔ اسی کو اپنا کر ہم غیر مسلموں کا دل جیت سکتے ہیں ۔ اس کے لیے رضا کارانہ تنظیموں کو آگے آنا چاہئے ۔ پھر ثمر آور نتائج امت مسلمہ کے قدم چومیں گے ۔ ڈاکٹر محمد سراج الرحمن نقشبندی سیول سرجن خطیب جامع مسجد پائیگاہ بشیر باغ نے کہا برادران وطن حق کے متلاشی ہیں ۔ سکون کی کھوج میں ہیں ۔ سچائی کو قبول کرنے بے چین ہیں ۔ ان کی روح کو جگانا اور ان کو دوزخ کی آگ سے بچانا امت مسلمہ کی عظیم ذمہ داری ہے ۔ آپ سے اس سلسلہ میں قیامت کے دن سوال ہوگا ۔ انہوں نے سورہ آل عمران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تم ( مسلمانوں ) میں ایک ایسی جماعت ہونی چاہئے جو لوگوں کو دنیا و آخرت کی بھلائی کی طرف بلائے یہی لوگ ہیں جو دنیا و آخرت میں فلاح و کامرانی پائیں گے ۔ انہوں نے تلگو کتاب اسلام کیا ہے ؟ کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کتاب دعوت دین حق کے عظیم فریضے کی ادائیگی میں معاون ہوگی ۔ دوسری سہل کتابیں کالکی اوتار محمدؐ و Tell me about mohammed, pbuh تلگو ، اردو ، ہندی ، انگریزی میں مفت دستیاب ہیں ۔ یہ کتابیں ڈاکٹر سراج ولا متصل جامع مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔