مظفرنگر۔ 3؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ مقامی عدالت نے گزشتہ سال ضلع میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران ایک گاؤں میں قتل واقعہ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن جج جتیندر کمار نے کل ملزم کالا عرف وجئے کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جو ضلع مظفرنگر کے موضع کھرد میں قتل کیس میں ملوث ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک شخص صغیر احمد کا قتل کیا اور کئی مکانات و موٹر گاڑیوں کو آگ لگادی۔ گزشتہ سال ستمبر میں ضلع مظفرنگر میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اُٹھے تھے۔ صغیر احمد کے فرزند مہرباں نے اس سلسلہ میں کئی افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروایا تھا۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے کالا کے بشمول کئی ملزمین کی نشاندہی کی تھی۔