فزیوتھراپی کی طالبہ کا ریپ، ہم جماعت و دیگر دو گرفتار

نئی دہلی ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک 23 سالہ فزیوتھراپی اسٹوڈنٹ کو مبینہ طور پر اُس کے ہم جماعت اور اُس کے تین دوستوں نے دہلی کے پاش ویویک وہار علاقہ میں آخرالذکر کے مکان پر ایک پارٹی کے دوران اجتماعی عصمت ریزی کا شکار بنایا، پولیس نے آج یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ واقعہ چہارشنبہ کو پیش آیا جب اس لڑکی کو اُس کے دوست آکاش نے اپنے مکان واقع فرش بازار میں پارٹی کیلئے مدعو کیا، جہاں اسے یرغمال بناکر ریپ کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی اُن کے مکان کو تقریباً 6 بجے شام پہنچی جہاں آکاش کے تین دوست پہلے سے موجود تھے۔ انھوں نے مبینہ طور پر اسے باری باری ہوس کا شکار بنایا اور اسے یرغمال بنائے رکھا۔ اگلی صبح ملزمین نے متاثرہ لڑکی کو ویویک وہار میں اس کے مکان کے قریب چھوڑا اور اسے یہ دھمکی دے کر فرار ہوگئے کہ اگر وہ کسی کو بھی اس واقعہ سے واقف کرائے تو اسے سنگین نتائج کا سامنا ہوگا۔ بعدازاں لڑکی نے گھر پہنچ کر ماں کو بپتا سنائی، جس کی شکایت پر ویویک وہار پولیس نے کیس درج کرکے چار کے منجملہ تین ملزمین آکاش، جتن گوسوامی اور روہت کو گرفتار کرلیا۔ چوتھا ملزم رمن مفرور ہے۔