فزیشنس کو سماجی ذمہ داری سے واقف کروانا ضروری

سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا خطاب

حیدرآباد 28 مارچ ( سیاست نیوز ) سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے آج کہا کہ مستقبل کے فزیشنس کو سماجی طور پر ذمہ داری سے واقف کروانے کی مانگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ یہ بڑھتا ہوا عوامی احساس ہے کہ ڈاکٹرس کو سماج کے سامنے جوابدہ بنایا جائے اگر وہ اپنی تعلیم اور اپنے ریسرچ کو عوام کی صحت سے متعلق تشویش کو دور کرنے میں کام میں نہیں لاتے ۔ عوام چاہتے ہیں کہ ڈاکٹرس کی عوام اور قوم کے تئیں خدمات کو لازمی قرار دیا جائے ۔ ڈاکٹر عبدالکلام نے یہاں سہ روزہ رائل کالج آبسٹیٹریشین و گائناکالوجسٹس ورلڈ کانگریس 2014 کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماجی ذمہ داری اور احساس جوابدہی کے نتیجہ میں میڈیسن اور سماج کے درمیان سماجی رابطہ کو استحکام حاصل ہوتا ہے اور سماج اس بات سے اتفاق کرتا ہے کہ پیشہ طب سماج کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بدلے میں کچھ حقوق بھی رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ سائینس جس قدر تیزی کے ساتھ معلومات حصال کرتی جا رہی ہے اتنی تیزی کے ساتھ سماج میں شعور بدیار نہیں ہو رہا ہے ۔ اس کے علاوہ بیماریوں کے علاج میں ادویات کی سمجھ بوجھ میں بھی احتیاط کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ڈاکٹرس ہندوستان کے باہر کام کرتے ہیں انہیں اقدار اور اخلاقیات کا تحفظ کرنے کی بھی ذمہ داری نبھانی چاہئے ۔ قبل ازیں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر برائے حیدرآباداینڈریو مک الیسٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت برطانیہ نے بہت نگہداشت صحت کو یقینی بنانے ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس شعبہ میں ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کیا جارہا ہے ۔