فرینچ اوپن فتح پر کڈمبی سریکانت کو گورنر کی مبارکباد

حیدرآباد ۔ /24 اکٹوبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش اور تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے شٹلر کڈمبی سریکانت کو فرینچ اوپن سنگلز ٹائیٹل جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔ سریکانت نے راست مقابلہ میں جاپان کے کنٹا نیشیموٹو کے چیلنج کو پسپا کرتے ہوئے پیرس میں منعقدہ فرینچ اوپن سوپر سیریز منس سنگلز ٹائیٹل پر فتح حاصل کی ۔ سریکانت نے اپنے جاپانی حریف کو 21-13 ، 21-14 سے شکست دی ۔ اس طرح ایک سال کے دوران وہ چار سوپر سیریز خطاب جیت چکے ہیں ۔ گورنر نرسمہن نے کہا کہ ’’سریکانت نے اپنی سلسلہ وار فتوحات کے ذریعہ سارے ملک اور بالخصوص دو تلگو ریاستوں کو اعزاز دلایا ہے ‘‘ ۔ گورنر نے مستقبل کے مزید ٹورنمنٹس میں کڈمبی سریکانت کی کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔