مدینہ منورہ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد ہزاروں حجاج بشمول ہندوستانی سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ پہونچ گئے تاکہ حج کے سفر کی تکمیل پر مسجد نبوی میں نماز ادا کرسکیں۔ حجاج کو مرحلہ وار طریقہ سے مدینہ منورہ منتقل کیا گیا جبکہ 10 دن بعد اُنھیں اپنے وطن ہندوستان واپس ہونا ہے۔ اُن کی منتقلی کے وقت یہ بات پیش نظر رکھی گئی ہے کہ واپسی سے قبل کم از کم 40 نمازیں مسجد نبوی میں ادا کرنے کی سعادت اُنھیں حاصل ہوسکے۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے پی ٹی آئی سے کہاکہ 1,36,020 حجاج جو فریضۂ حج کی ادائیگی کی جاریہ سال سعادت حاصل کرچکے ہیں، 100,020 حج کمیٹی کے توسط سے سعودی عرب آئے ہیں۔ جبکہ دیگر خانگی ٹور آپریٹرس کے توسط سے پہونچے ہیں۔ تقریباً 51 ہزار حجاج پہلے ہی حج کے آغاز سے قبل مسجد نبوی میں نمازیں ادا کرچکے ہیں۔ اِن میں سے 49 ہزار حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے یہاں آئے تھے اور فی الحال مدینہ منورہ میں ہیں۔ رہائش کے انتظامات مکمل ہیں۔
جملہ 49 ہزار حاجی مدینہ منورہ سے واپس ہوں گے۔36 ہزار حاجی خانگی ٹور آپریٹرس کے توسط سے آئے ہیں، آپریٹرس کے مقررہ پروگرام کے مطابق مدینہ منورہ یا جدہ سے واپس ہوں گے۔ 7 لاکھ سے زیادہ حجاج دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ پہونچیں گے۔ مختلف سرکاری شعبے حج ٹورس کے ادارے چلارہی ہیں جنھوں نے اپنے انتظامات اور خدمات برائے استقبالیہ کثیر تعداد میں حجاج کے لئے وقف کردی ہیں۔ خانگی حج گائیڈس تنظیموں کے عہدیدار اور ارکان عملہ مدینہ منورہ میں سرگرم ہیں جنھوں نے پیر کے دن سے ہی یہاں پہونچنے والے حجاج کا استقبال شروع کردیا ہے۔ جملہ 2,085,238 حجاج بشمول 1,389,053 غیرملکیوں نے جاریہ سال حج کی سعادت حاصل کی۔ جو بڑی حد تک رکاوٹ سے پاک تھی۔ حج، اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے جو زندگی میں کم از کم ایک بار مالی اور جسمانی اعتبار سے اہل مسلمان پر فرض ہے۔ مدینہ منورہ مکہ معظمہ کے بعد عالم اسلام کا دوسرا مقدس ترین شہر سمجھا جاتا ہے۔ یہاں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا روضۂ مبارک بھی موجود ہے جو مسجد نبوی کے متصل واقع ہے۔