لوک سبھا میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کا بیان
نئی دہلی ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : دیماپور میں عصمت ریزی کے ایک ملزم کو بہیمانہ طریقہ پر موت کے گھاٹ اتاردینے کا مسئلہ آج لوک سبھا میں گونج اٹھا ۔ جب کہ آسام کے کانگریس ارکان نے اس معاملہ پر حکومت ناگالینڈ کی ناکامی سے تعبیر کیا ۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے گوروگو گوئی ( کانگریس ) نے کہا کہ ناگالینڈ حکومت ابھی تک یہ بیان نہیں دیا کہ آیا ملزم فرید خاں نے جرم کا ارتکاب کیا ہے یا نہیں ۔ جب کہ عدالت نے اسے سزاء نہیں سنائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیل کی حفاظت کے لیے متعین مرکزی فورسیس ملزم کو تحفظ فراہم کرنے سے قاصر تھیں ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے عصمت ریزی کا ملزم سید فرید خاں ہندوستانی شہری تھا نہ کہ بنگلہ دیشی ۔ مسٹر گوگوئی نے بتایا کہ اس علاقہ میں مسلمانوں کو بنگلہ دیشی تصور یا جاتا ہے جب کہ فرید خاں کا تعلق ایک فوجی کے خاندان سے تھا ۔ سشمتا دیو (کانگریس ) نے شمالی مشرقی علاقہ میں شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے روکنے کی ضرورت ہے ۔ رتن دیکھا ( بی جے پی ) نے کہا کہ جب بھی اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں بعض مخصوص برادریوں میں یہ رجحان غالب آجاتا ہے کہ متحد ہو کر اسے دوسرا رنگ دیا جائے ۔ انہوں نے اس طرح کے رجحانات کی روک تھام پر زور دیا ۔۔