فرگوسن: گولی چلانے والا پولیس افسر مستعفی

فرگوسن ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریاست مزوری میں سیاہ فام نوجوان پر گولی مارنے کے الزام سے بری ہونے والے سفید فام پولیس افسر نے استعفیٰ دے دیا ہے۔پولیس افسر ڈیرن ولسن نے اگست میں فرگوسن میں مائیکل براؤن کے ساتھ مڈبھیڑ کے بعد گولی چلائی تھی جس سے وہ ہلاک ہوگیا تھا۔ گرینڈ جیوری نے رواں ہفتے ہی فیصلہ سنایا تھا کہ پولیس افسر نے قانون کے مطابق کارروائی کی اور اس پر فرد جرم عائد نہیں نہ کی جائے۔ولسن کے وکیل کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد سے وہ انتظامی طور پر رخصت پر تھے اور اب ان کا استعفیٰ فی الفور قابل عمل ہوگا۔سینٹ لوئس پوسٹ ڈسپیچ اخبار نے ولسن کا استعفیٰ شائع کیا ہے، جس میں انھوں نے لکھا کہ پولیس فورس میں ان کی ملازمت جاری رہنے کی صورت میں شاید ان کے ساتھی اہلکاروں اور فرگوسن کے رہائشیوں کیلئے خطرے کا باعث بنے۔انھوں نے اْمید کا اظہار کیا کہ ان کا استعفیٰ لوگوں کے زخم مندمل کرنے میں مدد دے گا۔