راجہ سنگھ کے بیان کی مذمت ، بیف فیسٹیول کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، مسلم فرنٹ کے قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں شمالی ہندوستان کے رہائش پذیر تاجرین اور کاروباریوں پر تلنگانہ کی پرامن فضا کو مکدر کرنے کا الزام عائد کیا ۔ چیف کنوینر فرنٹ ثنا اللہ خاں ، کنوینر حیات حسین حبیب ، پجاری نرسنگ راؤ ، جہانگیر گوڑ ، سی ایل یادگیری ، وائی راملو ، پریم کمار ، اسلم عبدالرحمن ، رشید خاں آزاد ، ساجد خاں ، منیر الدین مجاہد نے 10 دسمبر کو عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے منعقد شدنی بیف فیسٹیول کے خلاف شمالی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے لودھا طبقے کے بی جے پی قائد راجہ سنگھ کے بیان کی سختی کے ساتھ مذمت کی اور کہا کہ بی جے پی پارٹی کے سینئیر قائدین کی موجودگی اور فیسٹیول کے انعقاد پر خاموشی کے باوجود راجہ سنگھ کا ایسا بیان کہ فیسٹیول کے انعقاد پر حیدرآباد میں دادری جیسا واقعہ انجام دینے کی دھمکی راجہ سنگھ جیسے فرقہ پرست کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے ۔ فرنٹ کے قائدین نے کہا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے قیام سے ہی راجہ سنگھ کے بشمول شمالی ہندوستان سے تعلق رکھے والے لوگ تلنگانہ اور شہر حیدرآباد کی پرامن فضا کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی جانب سے عثمانیہ یونیورسٹی میں فیسٹیول کا انعقاد کوئی نیا کام نہیں ہے سابق میں بھی دلت طبقات سے تعلق رکھنے والے طالبات میں کئی ایک مرتبہ احاطہ یونیورسٹی میں بیف فیسٹیول منعقد کیا ہے تب تو کسی بی جے پی قائد یا پھر راجہ سنگھ نے آواز نہیں اٹھائی مگر اس بار بیان بازیوں کے ذریعہ راجہ سنگھ سرخیوں میں آنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ فرنٹ کے قائدین نے بیف فیسٹیول منعقد کرنے والے طلبہ کو سیکوریٹی فراہم کرتے ہوئے انہیں اپنے جمہوری حق کا استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنے کی حکومت تلنگانہ سے اپیل کی ہے اور پولیس کو غیر جانبداری اختیار کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔۔