فرقہ پرست طاقتوں کے مقابلہ کیلئے سیکولر اور ڈیموکریٹک جماعتوں کو متحد ہونے کا مشورہ

سی پی آئی حیدرآباد کونسل کا جنرل باڈی اجلاس، ایس سدھاکر ریڈی، سید عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔یکم جولائی(سیاست نیوز) قومی جنرل سکریٹری کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلے کے لئے سکیولر اور ڈیموکریٹک جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ پچھلے چار سالوں میںنریندر مودی کی زیرقیادت مرکز کی بی جے پی حکومت نے بے روزگاری ‘ بڑھتی مہنگائی اور بدعنوانی کے بڑھتے واقعات سے عوام کی توجہہ کو ہٹانے کے لئے ملک میں چاروں طرف فرقہ وارانہ ماحول پیدا کردیا ہے اور بی جے پی کے مرکز میںدوبارہ اقتدار میںآنے سے دستور کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ بی جے پی جیسی فرقہ پرست طاقت سے مقابلہ کرنے اور دستور کو بچانے کے لئے سکیولر اور ڈیموکریٹک طاقتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا ضروری ہے۔ وہ آج یہاں نمائش میدان میںسی پی آئی حیدرآباد کونسل کی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس کی نگرانی سی پی ائی گریٹر حیدرآباد سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے کی جبکہ سابق رکن پارلیمنٹ و قومی تنظیم انصاف کے صدر جناب سید عزیز پاشاہ ‘ سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے بھی خطاب کیا۔ مسٹر سدھا کر ریڈی نے کہاکہ دائیںبازو کی جماعتیں ہمیشہ سکیولر زم کی بقاء کے لئے جدوجہد کرتی آرہی ہیں اور یہ ذمہ داری کمیونسٹ پارٹی پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر طرح کی فرقہ پرستی کاڈٹ کا مقابلہ کرے۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے کہاکہ پچھلے چار سالوںمیںمودی حکومت نے صرف کارپوریٹ طبقے کی فلاح وبہبود کے لئے کام کیا ہے جبکہ مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہہ سے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ چارسالوں میں ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کے وعدے کوعملی جامہ پہنانے میں کے سی آر کی تلنگانہ حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔چیف منسٹر کے سی آر نے اقتدار میںآنے سے قبل خود ہی اس بات کا اعلان کیاتھا کہ ان کی پارٹی اگر ریاست میںبرسراقتدار آتی ہے تو وہ مسلم اقلیت کو تمام شعبہ حیات میںبارہ فیصد تحفظات فراہم کریں گے‘ مگر چار سال کاعرصہ گذر جانے کے بعد بھی اپنے وعدے کو کے سی آر پورا نہیںکرسکے۔ انہوں نے کہاکہ جہا ں تک مرکز پردبائو ڈالنے کی بات ہے تو کے سی آر اپنے ذاتی مطالبا ت کی تکمیل کے لئے سال میںچار مرتبہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کیا لیکن اس ملاقات کے دوران انہوںنے کبھی بھی مسلمانوں کوتحفظات کی فراہمی کی نمائندگی نہیںکی جبکہ این ڈی اے میں شامل رہے تلگودیشم پارٹی کے صدر وچیف منسٹر آندھرا پردیش پچھلے ایک ماہ سے وزیراعظم سے ملاقات کا انتظار کررہے ہیں اس کے باوجود انہیں وقت نہیںدیاجارہا ہے۔جنا ب سید عزیز پاشاہ نے مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں او رفرقہ پرستانہ سونچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اقلیتیں بالخصوص مسلمانوں پر پچھلے چارسالوں میں ان گنت مظالم ڈھائے گئے ہیں ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان میںمفاہمت کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر مودی کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کاالزام عائد کیا۔ آزادی کے ستر سال بعد بھی غربت ختم نہیں ہوئی کا نعرہ دیتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی نے ملک کی عوام کو مزید غربت کاشکار بنادیا ہے ۔ مسٹر وینکٹ ریڈی نے کہاکہ مستقبل قریب میںشہری سطح پر سی پی آئی پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کی تعمیری سرگرمیوں کو شروع کرنے سے لے کر غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی اجرائی تک مہم چلائی گئی ۔ اگر کے سی آرعوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوتے ہیںتو پرگتی بھون کا محاصرہ کرنے کے لئے بھی پیچھے نہیںہٹیں گے۔