بھوپال 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں بنیاد پرستوں اور فرقہ پرست طاقتوں کی شرانگیزیوں اور اشتعال انگیزیوں کے خلاف ایک حکمت عملی کو قطعیت دینے کے لئے مدھیہ پردیش کی جمعیۃ العلمائے ہند کی جانب سے کل بھوپال میں کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ جمعیۃ العلمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود اسد مدنی کانفرنس کی صدارت کریں گے اور اس کانفرنس میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کرنے کے لئے ایک بلیو پرنٹ تیار کیا جائے گا۔ یہ فرقہ پرست طاقتیں اقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلارہی ہیں۔ ان کی سرکوبی وقت کا تقاضہ ہے۔ مدھیہ پردیش جمعیۃ العلمائے ہند کے صدر حاجی محمد ہارون نے کہاکہ فرقہ پرستوں کو کھلی چھوٹ دینے سے اقلیتوں کے خلاف شرانگیزی کی جارہی ہے۔ اقلیتیں خوف کے سایہ میں جی رہے ہیں اور ان فرقہ پرستوں کی سرکوبی ضروری ہے اور بہت ہوچکا ہے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حاجی ہارون نے کہاکہ ملک بھر کے مندوبین خاص کر اترپردیش اور مہاراشٹرا کے وفود کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔ بھوپال میں پہلے ہی کئی وفود پہونچ چکے ہیں۔