حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( فیاکس ) : دہلی کے الیکشن میں بی جے پی کو 3 نشستوں پر محدود کرتے ہوئے آپ پارٹی نے 67 سیٹوں پر جو غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے اس پر اظہار خوشی کرتے ہوئے محبان کل ہند مجلس تعمیر ملت کے کنوینر جناب سید سعادت علی ایڈوکیٹ ، جناب جلال عارف اور غوث محی الدین مقبول نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ دراصل جمہوری اقدار کی نہ صرف جیت ہے بلکہ ذاتی مفادات رشوت خوری ، چور بازاری اور فرقہ پرست سیاست کے خلاف اہم کامیابی ہے اور سنگھ پریوار نے جو مذہبی بنیاد پر نفرت کی فضا مختلف عنوانات سے پیدا کرنے کی کوشش کی ہے کم از کم دلی میں ان نظریات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اروند کجریوال نے صرف عوامی مسائل کی بنیاد پر الیکشن لڑ کر ثابت کردیا ہے کہ اب گالی ، گلوچ اور شخصی حملوں سے الیکشن نہیں جیتا جاسکتا ۔ دلی کے خود ساختہ قائد شاہی امام کی تائید کو بھی رد کرنا فرقہ پرست سیاست سے دور رکھنے کی واضح علامت ہے ۔ غریب ، پچھڑے عوام بشمول مسلمانوں کے تمام طبقات نے آپ پارٹی کا ساتھ دے کر وزیر اعظم نریندر مودی کو بتادیا ہے کہ دلی کا اصلی چہرہ کیا ہے اور سارے ہندوستان کے عوام کا مزاج کیسا ہے اور کس طرح کا چہرہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کیا یہی ماحول ہندو راشٹر کے لیے سازگار ہے جو بھاگوت جی دیکھ رہے ہیں ۔ اروند کجریوال جی مبارکباد دی کے مستحق ہیں کہ وہ تیمور کی طرح حوصلہ ہارے بغیر یہ جنگ نہ صرف لڑی ہے بلکہ شاندار کامیابی بھی حاصل کی ہے ۔ یہی ہندوستان کی سیاست میں ٹرننگ پوائنٹ ہے ۔ اب کجریوال جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورے اترنے اپنے وعدوں کی تکمیل کی طرف قدم بڑھائیں پہلی مرتبہ دلی میں مسلمانوں کو حکومت میں حصہ داری کا موقف حاصل ہوا ہے ۔ مسلمانوں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ ہندوستان میں متحدہ سیکولر قوتوں کا ساتھ ہم کس طرح دے سکتے ہیں اور کس طرح کی حکمت عملی ہمیں اختیار کرنی ہوگی ۔۔