فرقہ پرستوں کے ہاتھوں شہید نعیم کا خاندان کسمپرسی کا شکار

٭        بیٹی عارضہ گردہ میں مبتلا ، دو بیٹیوں کا مستقبل بھی داؤ پر
٭        غریب خاندان کی مالی مدد کرنے جناب زاہد علی خاں کی اپیل

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جس گھر میں کمانے والا واحد شخص ہو اور اس شخص کا قتل ہوجائے تو سارے گھر پر اور ارکان خاندان پر ایسی مصیبت ٹوٹ پڑتی ہے جس کا تصور کر کے بھی دل کانپ جاتا ہے ۔ فرقہ پرستوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کے ماں باپ ، بھائی بہن اور بیوی بچے ہی بہتر جانتے ہیں کہ ان پر کیا گذر رہی ہے ۔ قارئین … جس طرح سارے ملک میں لو جہاد ، گھر واپسی اور گھاؤ رکھشا کے نام پر فرقہ پرستوں نے قتل و خون کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ ملک کے لیے بہت خطرناک ہے ۔ خاص کر بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں مسلمانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ 18 مئی کی رات جھارکھنڈ میں فرقہ پرستوں کے اشاروں پر چار مسلم نوجوانوں کو غنڈوں کے ایک ہجوم نے نشانہ بنایا ۔ بچہ چوری کے بہانے انہیں پیٹ پیٹ کر مار ڈالا ۔ اس تمام واقعہ پر حکومت اور پولیس نے تماشائی کا رول ادا کیا ۔ اس واقعہ میں فرقہ پرستوں کے ہاتھوں 35 سالہ شیخ نعیم ، 25 سالہ شیخ سجو ، 26 سالہ شیخ سراج اور 28 سالہ شیخ حلیم شہید ہوگئے ۔ یہ چاروں نوجوان ایک کار میں جانوروں کی خریدی کے لیے ہلدی پوکھر سے راج نگر جارہے تھے کہ ہجوم نے ان کی کار روک دی اور حملہ کردیا ۔ نام نہاد گاؤ رکھشکوں نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنایا ۔ ان نوجوانوں کو لاٹھیوں اور پتھروں سے مار مار کر لہو لہان کردیا ۔ نعیم کو شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا ۔ اس طرح فرقہ پرستوں نے نعیم کی بیوی اور ان کے تین بچوں کی زندگیاں بھی تباہ و برباد کر ڈالی ۔ نعیم کا المیہ یہ ہے کہ ان کی ایک بیٹی گردہ کے عارضہ میں مبتلا ہے ۔ اسے ہر 15 یوم میں ایک مرتبہ ڈائیلاسیس کروانا پڑتا ہے ۔ نعیم کے والد بقید حیات ہیں لیکن ضعیفی کے باعث کچھ کام نہیں کرسکتے ۔ ان حالات میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے ملک و بیرون ملک مقیم قارئین سیاست سے اپیل کی کہ وہ شہید نعیم کے خاندان کی مدد کریں تاکہ نعیم کی بیوہ اور یتیم بیٹیوں کے گذارہ کی کچھ راہ نکل آئے ۔ جناب زاہد علی خاں کے مطابق روزنامہ سیاست اور انہوں نے ہمیشہ مظلوموں و کمزوروں کے حق میں آواز اٹھائی ہے اور مدد کی اپیل کی تو قارئین سیاست اور خاص طور پر شہریان حیدرآباد نے بڑھ چڑھ کر مصیبت زدگان کی مدد کی ۔ ویسے بھی شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد مظلوموں و کمزوروں کی مدد کے لیے اپنی ایک علحدہ پہچان رکھتا ہے ۔ شیخ نعیم شہید کی اہلیہ کے اکاونٹ نمبر کی تفصیلات اس طرح ہیں ۔
Mrs. Salma Bibiw/o Shaik Nayeem
A/C.No: 9185000100008493
IFSC Code: PUNB0918500
Punjab National Bank
Branch : Ghatshila
City : East Singh Bhum
Dist : Ghatsila
State : Jharkand
سلمیٰ بی بی کا فون نمبر یہ ہے 7250771775 جس پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔