فرقہ پرستوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے ایس پی کا مطالبہ

نئی دہلی4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی قائد نریش اگروال نے آج مرکز سے مطالبہ کیاکہ بابری مسجد کی شہادت کی خاطی طاقتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کوبرا پوسٹ کے مبینہ اسٹنگ آپریشن کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے اگروال نے کہاکہ یہ حقیقت ہر ایک پر ظاہر ہے کہ بی جے پی اور اس کی حلیف آر ایس ایس، وی ایچ پی اور

دیگر نے سولہویں صدی عیسوی کی تاریخی عمارت شہید کی تھی۔ اُن کے خیال میں مرکزی حکومت کے لئے ضروری ہے کہ وہ اِس مسئلہ پر کارروائی کرے اور اِس حقیقت کو آگے بڑھائے۔ اگر مرکز کارروائی سے انکار کرتا ہے تو اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ فرقہ پرست طاقتوں کے لئے اُس کے دل میں نرم گوشہ موجود ہے۔ کوبرا پوسٹ نے رام جنم بھومی تحریک کے 23 کلیدی افراد کے خلاف وسیع پیمانے پر اسٹنگ کارروائی کی ہے۔ اُس کا دعویٰ ہے کہ بابری مسجد کی شہادت سنگھ پریوار کے مختلف شعبوں کی منصوبہ بند سازش اور تربیت یافتہ کارکنوں کی بالکل درست کارروائی کا نتیجہ تھی۔ یہ کسی ہجوم کا وقتی جنون نہیں تھا۔