عوامی شعور بیداری وقت کی اہم ضرورت ، پاپولر فرنٹ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔21ستمبر(سیاست نیوز)ملک کے بدلتے حالات کو قومی اتحاد کے لئے سنگین خطرہ قراردیتے ہوئے پاپولر فرنٹ آف انڈیاکے قائدین نے نفرت کی سیاست اور عدم رواداری کے بڑھتے واقعات کے خلاف عوامی شعور بیداری کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔ آج یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاپولر فرنٹ تلنگانہ اسٹیٹ پریسڈنٹ عبدالاحد نے کہاکہ ملک کے بدلتے حالات قومی اتحاد کے لئے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیںاور ساتھ ہی ساتھ ملک کے سکیولر ڈھانچے کو بھی تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مرکز میںبی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد فرقہ پرست طاقتوں نے نفرت کی سیاست اور عدم رواداری کی ایک بدترین مہم چھیڑ دی ہے۔جناب عبدالاحد نے کہاکہ منظم طریقے سے ہندوفسطائی طاقتوں کو قومی پالیسی کے طور پر نافذ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہو ںنے کہاکہ مذکورہ پالیسی کے خلاف آواز اٹھانے اور ہندوفسطائیت کی مخالفت کرنے والوں کو ملک کا دشمن قراردینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ جناب عبدالاحد نے کہاکہ ہندوفسطائی طاقتیںاپنے ناپاک منصوبوں کو روبعمل لانے کے لئے اشتعال انگیزبیانات ‘ لوجہاد‘ گھرواپسی ‘ گائو رکشہ جیسے موضوعات کو عنوان پر بناکر ملک کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوششوں میںمصروف ہیں۔فسطائی طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے عوام میںشعور بیداری مہم کے تحت پاپلر فرنٹ آف انڈیاکی جانب سے یکم تا 30ستمبر شروع کی گئی مہم کااس موقع پر تذکرہ اور کہاکہ یکم ستمبر کو کنیا کماری سے اس مہم کا آغاز ہوا جبکہ 30ستمبر کو دہلی میں اس مہم کا اختتام عمل میں آئے گا۔ جناب عبدالاحد نے کہاکہ تلنگانہ میں آئندہ ماہ اس حساس مسئلہ پر ایک جلسہ عام منعقد کیاجائے گا ۔جنرل سکریٹری پاپلر فرنٹ آف انڈیاسیدمعین‘ رفیق احمد رشادی سٹی پریسڈنٹ‘محمد حنیف ‘ محمد صابر اراکین کمیٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔